ٹائیگر فورس

کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کے کام کے طریقہ کار اورآپریشنل معاملات کاجائزہ لینے کیلئے اہم اجلاس

جڑانوالہ (نمائندہ عکس آن لائن)حکومتی ہدایات کی روشنی میں رضا کاروں پر مشتمل کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کے کام کے طریقہ کار اورآپریشنل معاملات کاجائزہ لینے کیلئے اہم اجلاس اسسٹنٹ کمشنر زین العابدین کی زیر صدارت اے سی آفس جڑانوالہ میں منعقدہوا جس میں اے ایس پی بلال سلہری، ڈی ایس پی کھڑیانوالہ انور سعید،تحصیلدار رانا محمد ساجد سیکرٹری کمیٹی،چیف آفیسر محمد عارف وڑائچ،ایم ایس ڈاکٹرکاشف،چیف آفیسر کھڑیانوالہ امتیاز رندھاوا،سوشل ویلفیئر آفیسر ناصر چڈھر،ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر اطہر کامران، ذوالقرنین شاہ،نائب تحصیلدار راے سرفراز، سماجی رہنما شیخ فیضان، ملک نعیم وفا،ارکان اسمبلی کے نمائندگان چوہدری عمران یوسف، ودیگر بھی موجود تھے۔اسسٹنٹ کمشنر زین العابدین نے بتایا کہ کورونا کے باعث پیدا صورتحال میں امدادی سرگرمیوں اور حفاظتی اقدامات میں ٹائیگر فورس میں شامل رضا کار ضلعی انتظامیہ کی زیرنگرانی بلامعاوضہ خدمات سرانجام دیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹائیگر فورس تحصیل سٹیئرنگ کمیٹی کی زیرنگرانی کام کرے گی جس کے کنوینئر اسسٹنٹ کمشنر ہونگے جبکہ تحصیل میں فیلڈ آفسزاورویلج کونسل کی سطح پر بھی کام کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ کمیٹی میں پولیس،ارکان اسمبلی اور صنعتکار ومقامی رہنما بھی شامل ہیں۔اسسٹنٹ کمشنر زین العابدین نے تحصیل سٹیئرنگ کمیٹی کے قیام کے اغراض ومقاصد سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ تحصیل میں مجموعی طور پر 9ہزار 14افراد کورونا ٹائیگر فورس میں رجسٹرڈ ہوئے ہیں جن میں سوشل ورکرز،طالب علم،اساتذہ،میڈیکل ورکرز،جرنلزم سے وابستہ افراد،بزنس مین ودیگر طبقہ سے افراد شامل ہیں جنہیں راشن کی تقسیم،کورنٹائن سنٹر کی ڈیوٹی،امداد کے لئے مستحقین کی نشاندہی،ٹریفک ناکوں پر پولیس ودیگر اداروں کی معاونت،سماجی رابطوں میں بہتری،مساجد میں نماز تراویح پر ڈیوٹی،ذخیرہ اندوزوں کی نشاندہی کے امور ودیگر اقدامات میں شامل کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس کو ارکان اسمبلی کی مشاورت سے حلقہ وائز یا تحصیل کے حساب سے ٹاسک تفویض کریں گے اس ضمن میں مرحلہ وار شعبوں سے وابستہ رضا کاروں کو ڈیوٹی کی انجام دہی کے لئے کنونشن بھی منعقد کئے جارہے ہیں۔صوبائی وزیر پبلک پراسیکیوشن چوہدری ظہیر الدین خاں،چیئرمین استحقاق کمیٹی پنجاب اسمبلی چوہدری علی اختر خاں، عادل پرویز گجر ایم پی اے،چوہدری عمران یوسف نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کے ماڈل کو صوبہ کے دیگر اضلاع میں بھی شروع کرنا چاہتے ہیں اور ضلع فیصل آباد میں بھی اس فورس کو ضلعی انتظامیہ سے مل کر کامیاب بنائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں