میاں اسلم اقبال

کسی کو تنگ کرنا ہمارامقصد نہیں،تاجر برادری کے ساتھ مل کر عام آدمی کو ریلیف دیں گے‘میاں اسلم اقبال

لاہور(عکس آن لائن)صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا۔جس میں تاجر تنظیموں،کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشنز،شوگر ڈیلر ایسوسی ایشن اکبری منڈی کے نمائندوں نے خصوصی شرکت کی۔اجلاس میں اشیا ضروریہ اور دالوں کی قیمتوں کے امور پر بات چیت کی گئی۔

تاجروں کے نمائندوں اور انتظامیہ کے افسران پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی اور یہ کمیٹی مل کر بیٹھ کر دالوں اور دیگر اشیا کی قیمتوں کا تقابلی جائزہ لے گی،باہمی مشاورت سے قیمتوں کا تعین کیا جائے گا۔صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کو تنگ کرنا ہمارامقصد نہیں،تاجر برادری کے ساتھ مل کر عام آدمی کو ریلیف دیں گے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ تاجروں کو کاروبار کے لئے اچھا ماحول فراہم کریں گے اوران کے جائز مسائل حل کریں گے۔ہم تاجروں کانقصان چاہتے ہیں اور نہ ہی عام آدمی کا۔صارفین کے مفادات کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ غریب آدمی کی جیب پر کسی کو ڈاکہ ڈالنے نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ کوئی مجسٹریٹ ڈی سی کی طرف سے جاری کردہ کارڈ کے بغیر کسی دکان پر نہیں جائے گا۔اگرکوئی کارڈ کے بغیر قیمتوں کی مانیٹرنگ کے لئے مارکیٹ میں نظر آیاتو اس کے خلاف ایکشن ہو گا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب انفارمشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ساتھ مل کر ای۔ چالان کا نظام لارہے ہیں۔تاجروں کے مسائل کا حل ہماری ذمہ داری ہے اور ہم یہ ذمہ داری پوری کریں گے۔تاجر نمائندگان نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت کے ساتھ مل کر عام آدمی کو اشیا ضروریہ کی قیمتوں کے حوالے سے ریلیف دیں گے۔

سیکرٹری صنعت وتجارت،کمشنر لاہور ڈویژن،ڈی جی انڈسٹریز اور محکمہ صنعت وتجارت کے دیگر افسران اورصدر کریانہ کیمیکل ایسوسی ایشن اکبری منڈی اظہر اقبال،شوگر ڈیلر ایسوسی ایشن اکبرمنڈی کے صدر امجد حسین،صدر پاکستان کریانہ ایسوسی ایشن لاہور حافظ عارف،صدر فوڈ گرین کریانہ ایسوسی ایشن اکبری منڈی حاجی محمد اسلم اور دیگر اجلاس میں موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں