کماد

کانگیاری سے متاثرہ کماد کے پودے جلا کر تلف کردیئے جائیں،محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کو ہدایت

فیصل آباد (عکس آن لائن)محکمہ زراعت کے ترجمان نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ کانگیاری سے متاثرہ کماد کے پودے جلا کر تلف کردیئے جائیں تاکہ ستمبر کاشتہ کماد کی فصل کو مختلف بیماریوں کے حملہ سے محفو ظ رکھا جاسکے۔

انہوں نے بتایاکہ چوٹی کی سڑاند کی بیماری کے حملہ کی صورت میں پتوں پر باریک سوراخ نمودار ہونا شروع ہو جاتے ہیں اور اس طرح فصل آہستہ آہستہ سوکھناشرو ع ہو جاتی ہے جس سے گنے کی پور یاتو بہت چھوٹی اور یا بہت پتلی رہ جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر حملہ شدت اختیارکرلے تو گنے کا اوپر کاحصہ بھورا ہو کر گلنا سڑنا شروع ہو جاتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ کانگیاری کی بیماری سے متاثرہ گنے پتلے ہو جاتے ہیں لہذا اس کے تدارک کیلئے بیمار پودوں کو کاٹ کر فوری جلا دینا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار متاثرہ کھیت کا مونڈھا بھی نہ رکھیں کیونکہ اس سے فصل کو نقصان پہنچ سکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار بیماریوں کے تدارک کیلئے زہروں کا استعمال محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف یا افسران کی مشاورت سے کر سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ اس ضمن میں محکمہ زراعت کی فری ہیلپ لائن سے بھی استفادہ کیا جا سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں