عثمان ڈار

کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دے کر سپورٹس اکانومی کو مضبوط کیا جا رہا ہے، عثمان ڈار

اسلام آباد (عکس آن لائن)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دے کر سپورٹس اکانومی کو مضبوط کیا جا رہا ہے، وفاقی حکومت سندھ میں اپنی ذمہ داریاں پوری کررہی ہے، سندھ حکومت کو بھی نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات کرنے چاہئیں۔

منگل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کی بلاسود قرضہ سکیم کے تحت کراچی میں نوجوانوں میں 3 ارب روپے تقسیم کئے گئے ہیں،سندھ بھر کے نوجوانون میں 8 ارب روپیتقسیم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے صحافی اور کیمرا مین بھی اس پروگرام کے تحت قرض حاصل کرسکتے ہیں، اسی طرح صحافی وظائف اور کھیلوں سمیت کامیاب جوان پروگرام کی تمام سکیموں کا حصہ بن سکتے ہیں، کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کی بزنس لون سکیم کے تحت 25 ہزار 700 نوجوان آسان شرائط پر قرض حاصل کرنے کے اہل قرار پائے ہیں اور ان کے کاروبار کے لئے 39 ارب روپے منظور کئے گئے ہیں۔ نوجوانوں نے زرعی شعبہ کے لئے اڑھائی ارب روپے کے قرض سے 2ہزارٹریکٹر خریدے ہیں۔ اس سکیم کیتحت 10 ہزار ٹریکٹر فراہم کئے جائیں گے۔ زرعی شعبہ کے دیگر شعبوں لائیو سٹاک اور مشینری کے لئے بھی آسان شرائط پر قرضہ فراہم کیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت اب تک نوجوانوں کو ایک لاکھ سکالرشپس دی جاچکی ہیں۔ تیسرے مرحلے میں سکالرشپس کے لئے 4 لاکھ درخواستیں جمع کرائی گئی ہیں،60 ہزار نوجوانوں کو سکالرشپس دی جائیں گی،سندھ کے نوجوانوں کو ا س سے پہلے 22 ہزرار کے لگ بھگ سکالرشپس دی گئی ہیں اور اس مرحلہ میں مزید 13 ہزار سکالرشپس دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت 18ویں ترمیم کا کریڈٹ لیتی ہے ، اس ترمیم کے تحت امور نوجوانان صوبوں کی ذمہ داری ہے تاہم سندھ میں امور نوجوانان کاکوئی وزیر بھی نہیں ہے۔ سندھ کے نوجوان وفاقی حکومت کی طرف دیکھتے ہیں۔ وفاق سندھ کے نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لئے تمام وسائل بروئے کارلا رہا ہے۔

سندھ کے نوجوانوں کو کسی صورت تنہانہیں چھوڑیں گے۔ لاڑکانہ جائیں گے اور بلاول بھٹو کو بتائیں گے کہ وہاں پر وفاق نوجوانوں کے لئے کس طرح کام کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت 5 لاکھ روپے تک نوجوانوںکو بلا سود قرضہ دیاجا رہا ہے۔ صحت کارڈ ، نیاپاکستان ہائوسنگ سکیم اور احساس پروگرام کے تحت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے نوجوانوں کو ملک کا اثاثہ قراردیا ہے اور انہیں تمام پروگراموں میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو صحتمندانہ سرگرمیوں میں شامل کرنے اور مواقع فراہم کرنے کے لئے کامیاب جوان پروگرام سپورٹس اینڈ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کیا گیا ہے۔اس مہم کو ہر گائوں تک پھیلایا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہاکی ، ریسلنگ اور ویٹ لفٹنگ کے مقابلوں کی چیمپین شپس جلدہوں گی۔ انعام بٹ کامیاب جوان ریسلنگ ایمبیسڈر ہوں گے۔ ہماراہدف آئندہ کامن ویلتھ گیمز ہے۔ ہمیں ملک میں ملک کر کھیلوں کوفروغ دیناہے۔فٹ بال ڈرائیو کے تحت 20 نوجوان فٹ بالر منتخب کئے گئے ہیں۔ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے کھیلوں کی تمام فیڈریشنز اور صوبوںکو مل کر کام کرناچاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں کھیلوں کو نظر اندازاور تباہ کیاگیا۔ انہوں نے کہاکہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت ایک سے 10 لاکھ ، 10 لاکھ سے ایک کروڑ اور ایک کروڑ سے اڑھائی کروڑ تک کا قرضہ فراہم کیاجا رہاہے جبکہ کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت 5 لاکھ روپے تک کا بلاسودقرضہ فراہم کیاجارہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت اسلامی بینکاری کے تحت بھی قرضہ حاصل کرسکتے ہیں۔نوجوانوں میں ہر ماہ 3سے 4 ارب روپے تقسیم کئے جا رہے ہیں۔ ہم اس میں مزید تیزی لانا چاہتے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کامیاب جوان پروگرام کے تحت کھیلوں کی سرگرمیوں کے لئے 4 ارب روپے مختص کئے ہیں۔اس پروگرام کے تحت 12 کھیلوں کے مقابلے منعقد کئے جائیں گے۔ ان پروگراموں کے ذریعے کامیاب جوان ہیروز اور چیمپینز سامنے لائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں