کامیاب جوان پروگرام

کامیاب جوان پروگرام کا بنیادی مقصد کمزور اور پسے ہوئے طبقات کو مالی معاونت فراہم کرنا ہے،عثمان ڈار

اسلام آباد(عکس آن لائن ) وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام بلا تفریق تمام طبقات کیلئے تیزی سے جاری ہے،قرض حاصل کرنے والوں میں مرد خواتین اور خصوصی افراد کے ساتھ اقلیتی برادری بھی شامل ہے،

ہفتہ کو معاون خصوصی عثمان ڈار نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر خصوصی دستاویزی فلم شئیر کی جس میں بتایا گیا کہ کامیاب جوان پروگرام نے کیسے خاتون کی زندگی اور گھر کے حالات بدل دئیے،اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والی صوبیہ گِل نے اس پروگرام سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے ذاتی کاروبار کا خواب پورا کر لیاکامیاب جوان پروگرام سے حاصل کی گئی رقم سے اپنے کاروبار کو وسعت دی، ویڈیو میں صوبیہ گل بتاتی ہیں کہ وہ کاروبار کے ذریعے اپنے والدین اور گھر والوں کی مالی مدد کرنا چاہتی تھیں، انہوں نے بیوٹیشن کا کام سیکھا مگر پارلر کھولنے کیلئے رقم نہیں تھی،کامیاب جوان پروگرام کے بارے میں پتا چلا تو قرض کیلئے اپلائی کیا اور انہیں بغیر کسی سفارش اور ضمانت کے کاروبار کیلئے قرض مل گیا،

انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعظم اور کامیاب جوان کی ٹیم کی شکرگزار ہیں کہ خواب پورا کرنے میں مدد کی،معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا کہ وہ وزیراعظم کی سرپرستی میں کمزور طبقے کی خوشحالی کیلئے کام کر رہے ہیں،بلا تفریق میرٹ پر تمام طبقات کو قرض کی فراہمی کا عمل جاری ہے، اس پروگرام کا بنیادی مقصد کمزور اور پسے ہوئے طبقات کو مالی معاونت فراہم کرنا ہے، عثمان ڈار نے بتایا کہ قرضہ سکیم سے اب تک دس ہزار سے زائد افراد کو ساڑھے 9 ارب روپے جاری کر چکے ہیں، انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ چند روز میں جاری قرض کی تفصیلات عوام کے سامنے لائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں