کاشتکار

کاشتکار زیادہ پیداوار کے لئے کھادوں اور سپرے کا استعمال ہمیشہ محکمہ زراعت کی مشاورت سے کریں

ملتان (عکس آن لائن)صوبائی سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کپاس کے کاشتکاروں پر زور دیاہے کہ وہ زیادہ پیداوار کے لئے کھادوں اور سپرے کا استعمال ہمیشہ محکمہ زراعت کی مشاورت سے کریں تاکہ نقصان دہ کیڑوں کا مکمل خاتمہ ہو سکے اور غیر ضروری سپرے سے مالی نقصان سے بھی بچا جا سکے، غیر ضروری سپرے سے فصل دوست کیڑے بھی ہلاک ہو جاتے ہیں جس سے فصل کی پیداوار شدید متاثر ہوتی ہے۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے کپاس کے کاشتکاروں کی رہنمائی کے لئے جاری کردہ گائیڈ لائنز کیلنڈر کے سلسلے میں کیا۔، انہوں نے بتایا کہ کپاس کی کاشت جنوبی پنجاب کے تینوں ڈویژنوں کے علاوہ ساہیوال ڈویژن میں بھی ہوتی ہے اور موافق موسم کی وجہ سے کپاس کے زمینداروں کو ان علاقوں میں ایک جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ ثاقب علی عطیل نے کہا کہ سفید مکھی اور گلابی سنڈی کپاس کے بڑے نقصان دہ کیڑے ہیں جن کی تلفی کسانوں کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نباتاتی زرعی دوائی بنانے کے لئے کوڑتما کے 600 گرام کٹے ہوئے ٹکڑے 5لیٹر صاف پانی میں ڈال کر رات بھر کے لئے رکھ دیں ،صبح ان کو ہلکی آنچ پر ایک گھنٹہ کے لئے ابالیں پھر محلول کو صاف ململ کے کپڑے میں چھان کر 100لیٹر پانی میں حل کر کے ایک ایکڑ کپاس کے کھیت میں سپرے کریں ،

اسی طرح تمباکو یا نیم کے پتے600گرام 5لیٹر صاف پانی میں ڈال کر رات بھر کے لئے رکھ دیں، صبح کو ہلکی آنچ پر ایک گھنٹہ کے لئے ابال لیں پھر محلول کو صاف ململ کے کپڑے سے چھان کر 100لیٹر پانی میں حل کر کے ایک ایکڑ کپاس کے کھیت پر سپرے کریں۔انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ زراعت نے کسانوں کی رہنمائی کے لئے خصوصی کپاس کیلنڈر ترتیب دیا ہے جو تمام زرعی دفاتر میں دستیاب ہے ،کسان بھائی اس کیلنڈر کے مطابق فصل کے لئے حفاظتی اقدامات اٹھائیں تاکہ زیادہ پیداوار حاصل ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ کپاس کی بہتر پیداوار میں بیج کی قسم اور کوالٹی 30فیصد اور مینجمنٹ 40فیصد کردار ادا کرتی ہے جبکہ موسمی حالات کا تناسب صرف 30فیصد تک ہے لہذا مرتب کردہ کیلنڈر پر مکمل عمل سے زمیندار دوررس اثرات سے بھی محفوظ رہ سکتے ہیں۔

صوبائی سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے مزید بتایا کہ پنجاب حکومت کپاس کی پیداوار بڑھانے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، ٹیکسٹائل کی صنعت سے نہ صرف ہزاروں افراد کا روز گار وابستہ ہے بلکہ یہ زر مبادلہ کمانے والی سب سے بڑی صنعت ہے، توقع ہے کہ حکومتی اقدامات سے کسانوں میں کپاس کی کاشت کرنے کے رجحان میں اضافہ ہو گا اور ملک کپاس کی پیداوار میں خود کفالت حاصل کر سکے گا۔ انہو ں نے زمینداروں پر زور دیا کہ وہ محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے قریبی رابطہ رکھیں اور سپرے کرنے سے پہلے مشاورت ضرور کریں تاکہ اندھا دھند سپرے سے بچا جا سکے جس سے فصل پر اخراجات میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں