کیڑے مار ادویات

کاشتکار دھند یا بارش اور تیز ہوا کی صورت میں اپنی فصلا ت پر کیڑے مار ادویات کے سپرے سے گریز کریں،محکمہ زراعت

فیصل آباد (عکس آن لائن) محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہاکہ جب تک کسانوں میں شعور و آگاہی پید انہیں ہو گی اس وقت تک زرعی خود کفالت کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا نیز کاشتکار گندم کو سخت سردی اور کورے سے محفوظ رکھنے کیلئے بروقت حفاظتی اقدامات کریں کیونکہ فصل کی جس قدر بہتر نگہداشت کی جائے گی اسی قدر بہتر پیداوار کا حصول ممکن ہو سکتاہے۔

انہوں نے ملک بھر کے کاشتکاروں ، کسانوں ، زمینداروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ دھند یا بارش اور تیز ہوا کی صورت میں اپنی فصلا ت پر کیڑے مار ادویات کے سپرے سے گریز کریں تاکہ اس کا اثر زائل ہو نے سے بچانے سمیت مالی نقصان سے بھی بچا جا سکے نیز کاشتکار محکمہ زراعت کے افسران کی مشاورت سے منظور شدہ ادویات کا سپرے کریں تاکہ فصل کو کیڑے مکوڑوں سے بچا کر فی ایکڑ زیادہ پیداوار کا حصول ممکن بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ زراعت کی ترقی میں کیڑے مار ادویات کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کی سہولت کیلئے فری ہیلپ لائن بھی قائم کر رکھی ہے جبکہ محکمہ زراعت کا عملہ ہمہ وقت ان کی خدمت کیلئے موجود ہے۔ انہوں نے کہاکہ گندم کی زیادہ اگیتی اور زیادہ پچھیتی کاشتہ فصل کو کورے کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے کیلئے یوریا کی مناسب مقدار استعمال کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکار کورا پڑنے کی متوقع راتوں میں گندم کی فصل کی ہلکی آبپاشی کریں کیونکہ پانی لگانے کی صورت میں کھیت کا درجہ حرارت اچانک کم نہیں ہوتا اور پودوں میں کورے کے خلاف قوت مدافعت بھی پیدا ہو جاتی ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ اگر کاشتکار زمین کے وتر آنے پر فوری گوڈی کریں تو کھیت میں محفوظ نمی اوپر آنے سے کھیت کا درجہ حرارت کم نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ کور ا پڑنے کی متوقع راتوں میں گندم کے کھیتوں کے کنارے مختلف جگہوں پر اگر گڑھے کھود کر ان میں بھوسہ وغیرہ بھر دیں اور اسے آگ لگا کر اوپر کوئی چیزرکھ دیں تو اس سے نکلنے والے دھوئیں کے باعث فصل کورے سے محفوظ رہ سکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں