گھیا کدو

کاشتکاروں کو گھیا کدو کی فیصل آباد گول اور لوکی اقسام کی کاشت رواں ہفتہ کے دوران شروع کرنے کی ہدایت

فیصل آباد (عکس آن لائن)کاشتکاروں کو گھیا کدو کی فیصل آباد گول اور لوکی اقسام کی کاشت رواں ہفتہ کے دوران شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ میدانی علاقوں کے کاشتکار اچھی روئیدگی والا دو سے اڑھائی کلوگرام بیج فی ایکڑاستعمال اور پہلی فصل فروری میں کاشت کرنا شروع کردیں تاکہ بروقت کاشتہ فصل کے باعث اچھی پیداوار حاصل کی جاسکے۔

محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایاکہ میدانی علاقوں میں عام طور پرگھیا کدو کی تین فصلیں کاشت کی جاتی ہیں جن میں پہلی فصل فروری ومارچ، دوسری جولا ئی و اگست جبکہ تیسری فصل اکتوبر کے آ خر یا نومبر کے شروع میں کاشت کی جاتی ہے۔انہوں نے بتایاکہ گھیا کدو کی دو اقسام کاشت کی جاتی ہیں جن میں ایک قسم گول اور دوسری لمبی ہوتی ہے جسے لوکی بھی کہتے ہیں جو زیادہ ترپہاڑی علاقوں میں کاشت کی جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ترقی دادہ اقسام میں فیصل آباد گول زیادہ پیداوار دینے والی قسم ہے۔

انہوں نے کہاکہ زرخیز میرا زمین جس میں نامیاتی مادہ وافر مقدار میں موجود ہو اور پانی دیر تک جذب رکھنے کی صلاحیت رکھتی ہو موزوں ہے تاہم تھور اور سیم زدہ زمینو ں میں اسے کاشت نہیں کرنا چاہئے۔انہوں نے بتایا کہ بوائی سے ایک ماہ پہلے 10سے 15ٹن گوبر کی گلی سڑی کھاد ڈال کر زمین میں اچھی طرح ملا دیں اور بعد میں کچی رانی کے بعد وتر آنے پر زمین میں ہل اور سہاگہ چلائیں اس طرح کھیت میں موجود جڑی بوٹیوں کے بیج اگ آئیں گے جو کاشت کے وقت زمین کی تیاری کے دوران آسانی سے تلف کیے جاسکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کاشتکار بوائی کے وقت تین سے چاربار ہل اور سہاگہ چلائیں تاکہ زمین نرم اور بھربھری ہو جائے نیز زمین کا ہموار ہونا بھی بہت ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار زمین کی تیاری کے بعد کھیت میں 3 سے4میٹر کے فاصلے پر ڈوری سے نشان لگائیں اور ان نشانوں کے دونوں اطراف چار بوری سنگل سپر فاسفیٹ، ایک بوری امونیم سلفیٹ اور ایک بوری پوٹاش یا ڈیڑھ بوری ڈی اے پی اور ایک بوری پوٹاش فی ایکڑ ملا کر ڈال دیں، بعد ازاں نشانوں سے مٹی اٹھا کر پٹڑیاں بنائیں لیکن اس بات کا خاص طور پر خیال کریں کہ پٹڑیوں کے درمیان والی نالی 40 سے50 سینٹی میٹر چوڑی اور 20 سے 25 سینٹی میٹر گہری ہو۔ اس طرح زمین کاشت کیلئے تیار ہو جاتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ پٹڑی کے دونوں کناروں پر40سے 50سینٹی میٹر کے فاصلہ پر دو دو بیج مناسب گہرائی پر بذریعہ چوکا لگائے جائیں اور اگر کاشت سے 8سے10 گھنٹے قبل بیج کو پانی میں بھگو دیں تو اسکا اگا بہت اچھا ہو جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں