مکئی

کاشتکاروں کو مکئی کی بہتر پیداوار کے حصول کے لئے جڑی بوٹیاں فوری تلف کر نے کی ہدایت

فیصل آباد (عکس آن لائن) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو مکئی کی فصل سے جڑی بوٹیاں فوری تلف کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد خالد اقبال نے کہا کہ کاشتکار اس ضمن میں کسی غفلت کا مظاہرہ نہ کریں کیونکہ جڑی بوٹیاں 25 سے 50 فیصد تک پیداوار کم کرنے کا باعث بن سکتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس مرتبہ مکئی کی شاندار فصل حاصل ہونے کا امکان ہے تاہم جڑی بوٹیوں کی ابتدائی مرحلہ میں تلفی اشد ضروری ہے۔

انہوں نے کہاکہ اگر مکئی کی فصل پر کسی بیماری یا کیڑے مکوڑے کا حملہ نظر آئے تو فوری طور پر ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی مشاورت سے مناسب زہروں کا سپرے یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ برسات کے موسم میں مکئی کی فصل سے بارش کے پانی کے فوری نکاس کا بھی بندوبست کیاجائے کیونکہ زیادہ دیر تک کھیت میں پانی کھڑا رہنے سے فصل متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ مزید رہنمائی کے لئے ماہرین زراعت کی خدمات سے استفادہ کیاجاسکتاہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں