پابندی عائد

ڈاکٹر کے نسخے کے بغیر کرونا کی نئی دوا کی فروخت پر پابندی عائد

لاہور(عکس آن لائن) صوبہ پنجاب میں ڈیکسا میتھاسون نامی انجکشن اور ٹیبلیٹس کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے ایک سرکاری مراسلے میں ڈاکٹر کے نسخے کے بغیر اس کی فروخت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں کرونا وائرس کے مریضوں کو صحت یاب کرنیوالی دوا ڈیکسا میتھاسون کے سلسلے میں پنجاب کی سطح پر بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے،

ڈیکسا میتھاسون کو ذخیرہ اندوزی سے بچانے کیلئے چیف ڈرگ کنٹرولر پنجاب نے سخت احکامات جاری کر دیے۔

چیف ڈرگ کنٹرولر نے ایک مراسلہ جاری کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ پنجاب کے ڈرگ انسپکٹرز اس دوا کی تقسیم کو مانیٹر کریں، اور ڈیکسا میتھاسون سے متعلق پنجاب بھر سے سٹاک کا ریکارڈ رکھا جائے.

چیف ڈرگ کنٹرولر نے مراسلے میں کہا ہے کہ ڈیکسا میتھاسون کو بنانے والے ڈسٹری بیوٹرز سے کوائف اکٹھے کیے جائیں اور ڈرگ انسپکٹرز مارکیٹ میں ڈیکسا میتھاسون کے برینڈز کی بھی معلومات اکٹھی کریں۔

خیال رہے کہ ڈیکسا میتھاسون سے متعلق برطانوی طبی ماہرین نے کہا ہے کہ آزمائش میں اس دوا کے استعمال سے مریضوں میں اموات کی شرح ایک تہائی کم ہوئی ہے،

وینٹی لیٹر اور آکسیجن پر ڈالے گئے مریضوں کو یہ دوا دینے سے ان میں اموات کی شرح 20فیصد کے قریب کم ہوئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں