وزیر خزانہ

چینی وزارت خارجہ کی طرف سے بلومبرگ کو دیا گیا جواب پاک چین دوستی اور تعلق کی گہرائی کی عکاسی کرتا ہے،وزیر خزانہ

اسلام آباد (عکس آن لائن)وفاقی وزیر خزانہ سینیٹرمحمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ چین کی وزارت خارجہ کی طرف سے گزشتہ روز بلومبرگ کو دیا گیا جواب پاکستان اورچین کے مابین دوستی اور تعلق کی گہرائی کی عکاسی کرتا ہے۔ جمعہ کو وزیرخزانہ سینیٹراسحاق ڈار نے اپنے ٹویٹ میں کہاکہ چینی وزارت خارجہ کی طرف سے بلومبرگ کو دیا گیا جواب پاک چین دوستی اور تعلق کی گہرائی کی عکاسی کرتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روزبلوم برگ کی طرف سے جون تک چین اوردوسرے عالمی اداروں کو 7 ارب ڈالر کے قرض کی ادائیگی کے حوالے سے سوال کے جواب میں چینی وزارت خارجہ کی ترجمان مائونینگ نے چین اور پاکستان کی تزویراتی شراکت داری اوردوستی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ چین نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ معاشی اور مالی تعاون کیا ہے تاکہ پاکستان کی معیشت مستحکم ، عوام کا معیار زندگی بہتر ہو اور ملک ترقی کے راستے پر گامزن ہو سکے۔

چینی وزارت خارجہ کی ترجمان کا کہنا تھا کہ ایک مخصوص ترقی یافتہ ملک کی سخت گیر مالیاتی اور معاشی پالیسیاں اور اس کے اثرات پاکستان سمیت دیگر ترقی پذیر ملکوں کی مالی مشکلات کا بنیادی سبب ہیں۔ جواب میں بتایا گیا تھا کہ مغربی تجارتی قرض دہندگان اور کثیر الجہتی مالیاتی ادارے، ترقی پذیر ممالک کے سب سے بڑے قرض دہندگان ہیں۔ جواب میں چین نے تمام فریقوں پر زور دیا تھا کہ وہ پاکستان کے اقتصادی و سماجی استحکام کے لئے مل کر تعمیری کام کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں