ہائی ٹیک ہسپتال

چین کے تعاون سے ایتھوپیا کی فوج کے ہائی ٹیک ہسپتال کا افتتاح

ادیس ا با با (عکس آن لائن) ایتھوپیا کی نیشنل ڈیفنس فورسز کے ہائی ٹیک ہسپتال کو ، جو چینی فوجی و طبی ماہرین کی ٹیموں کی مدد سے تعمیر کیا گیا تھا ، کامیابی سے اپ گریڈ کیا گیا اور ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا کے قریب بشووتو ٹاؤن میں کھول دیا گیا ۔
ایتھوپیا کے وزیر اعظم نے ہسپتال کی افتتاحی تقریب میں کہا کہ یہ ہسپتال اس لحاظ سے منفرد ہے کہ یہ جدید ترین طبی سہولیات سے لیس ہے اور اعلی معیار کی طبی خدمات فراہم کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے مثال تیکنیکی سہولیات اور اعلی معیار کے حامل اس ہسپتال کو ایتھوپیا کا بہترین ہسپتال کہا جا سکتا ہے ۔
ایتھوپیا کی دفاعی افواج کے چیف آف اسٹاف برہانو جولاکا کہنا ہے کہ اس ہسپتال کی تعمیر میں چینی حکومت اور ماہرین کی ٹیموں کا اہم کردار ہے اور اس مدد پر ہم چین اور ان ماہرین کے شکر گزار ہیں۔

ایتھوپیا کی دفاعی افواج کا یہ ہائی ٹیک ہسپتال چین اور ایتھوپیا کی افواج کے درمیان تعاون کا ایک اہم منصوبہ ہے اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے نفاذ کے لیے ایک ٹھوس اقدام ہے۔ چینی ماہرین کی ٹیم کے مطابق، گزشتہ پانچ سالوں کے دوران، چین نے اسپتال کو عالمی معیار کا بہترین طبی سازوسامان فراہم کیا ہے، اور میڈیکل انفارمیشن سسٹم کے قیام میں مدد کی ہے. چین نے مقامی پیشہ ور افراد کو تربیت دینے میں بھی مدد کی ہے اور تجربات کا تبادلہ کرنے کے لئے کثیر شعبہ جاتی طبی ٹیمیں بھیجی ہیں۔ توقع ہے کہ ہسپتال کے افتتاح کے بعد، ایتھوپیا میں چینی فوجی و طبی ماہرین طبی امداد کی فراہمی میں اچھا کام جاری رکھیں گے ، ایتھوپیا میں صحت کی خدمات کی ضروریات کو پورا کریں گے ، اور چین-ایتھوبیا دوستی کی ترقی میں زیادہ سے زیادہ حصہ ڈالیں گے ۔