ہمایوں اختر خان

پی ڈی ایم کے غبارے سے اتحاد میں شامل کوئی نہ کوئی جماعت خود ہی ہوا نکال دیتی ہے ‘ ہمایوں اختر خان

لاہور(عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ ریاست مخالف بیانیہ مسلم لیگ(ن) کو ہی اپنی لپیٹ میں لے رہا ہے اور آنے والے دنوں میں اس میں مزید تیزی آئے گی ، وزیر اعظم عمران خان جہاں بھی ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرنے جارہے ہیں وہاں گیارہ جماعتوں کے اتحاد کے جلسوں سے بڑا مجمع اکٹھا ہو جاتا ہے ،حکومت نے مینو فیکچرننگ پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے جس سے نہ صرف گروتھ حاصل ہو گی بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

اپنے ایک بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ ہماری کبھی یہ خواہش نہیں رہی کہ اپوزیشن مقابلے کی دوڑ سے باہر ہو لیکن اپوزیشن خود ہی اپنی منفی سیاست کے بوجھ کے ساتھ آگے نہیں چل پا رہی ، پی ڈی ایم کے غبارے سے اتحاد میں شامل کوئی نہ کوئی جماعت خود ہی ہوا نکال دیتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے اپنے رہنما ئوں میںبھی ریاست مخالف بیانیے پر بے چینی پائی جاتی ہے اور اس سے قیادت کو آگاہ کیا جارہا ہے ۔انہوںنے کہا کہ ماضی میں کئی بار حکومتیں کرنے والی مسلم لیگ (ن)اور پیپلزپارٹی سمیت گیارہ جماعتیں بھرپور تیاری کے ساتھ اتنا بڑا جلسہ نہیں کر سکیں جتنا وزیراعظم عمران خان کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرنے کے موقع پر لوگوں کا اکٹھ ہو جاتا ہے ۔

وزیر اعظم عمران خان اپنی ساری توجہ معیشت کو ترقی دینے اور مہنگائی کو کنٹرول کرنے پر مرکوز رکھنا چاہتے ہیںلیکن اپوزیشن کی خواہش ہے کہ حکومت اپنے اصل ٹریک سے ہٹ جائے ۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی شعبے کیلئے بجلی کے بلوں میں رعایت کا پیکج بہت بڑاقدام ہے جس سے مینو فیکچرننگ کے شعبے کو ترقی ملے گی اورمعیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں