پی ڈی ایم

پی ڈی ایم نے رمضان ، موسم گرما کی آڑ میں ناکامی کو چھپانے کیلئے لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کیا’ ہمایوں اختر خان

اسلام آباد( عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہاہے کہ پی ڈی ایم نے لانگ مارچ کیلئے مارچ کے آخری ہفتے کی تاریخ اسی لئے رکھی ہے تاکہ رمضان المبار ک کے آغاز اور گرمی کو جواز بنا کر اپنی ناکامی کو چھپایا جا سکے ،حقیقت میں اپوزیشن کے پاس تحریک چلانے کا کوئی جواز نہیں یہ صرف خود کو انتخابات تک سر گرم رکھنے کیلئے سیاسی مشقیں کر رہے ہیں ، حکومت کی آج بھی اپوزیشن کو دعوت ہے کہ انتخابی اصلاحات سمیت دیگر معاملات پر غیر مشروط مذاکرات کا آغاز کرے ۔

اپنے ایک بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ اپوزیشن اچھی طرح آگاہ ہے کہ بے پناہ معاشی مشکلات کے باوجود پاکستان اب درست سمت میں گامزن ہو چکا ہے اور ان کاحکومت کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کا کوئی بھی حربہ کامیاب نہیں ہو سکتا ۔

چار فروری کو ہونے والے پی ڈی ایم کے طویل ترین سربراہی اجلاس کے بعد کھودا پہاڑ نکلا چوہا والا معاملہ ہوا ۔ اپوزیشن اس سے پہلے بھی اپنے منفی بیانیے کی وجہ سے منہ کی کھا چکی ہے اور اب بھی بظاہر عجلت میں لیکن سوچ سمجھ کر لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کیا گیا ۔مارچ کے آخری ہفتے لانگ مارچ کے آغاز کے بعد رمضان المبارک کا آغاز ہو جائے گا او رپھر موسم گرما آ جائے گا اور اسی حکمت عملی کے تحت یہ سوچ بنائی گئی ہے کہ انہیں اپنی ناکامی کو چھپانے کیلئے فیس سیونگ مل جائے ۔

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ تمام عالمی ادارے پاکستان کے حوالے سے مثبت اشاریے ظاہر کر رہے ہیں اور یہی اپوزیشن کو ہضم نہیں ہو رہا لیکن ان کا علاج عام انتخابات میں عوام اپنے ووٹوں سے کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں