حافظ حمداللہ

پی ڈی ایم اور پوری قوم چیف الیکشن کمشنر کیساتھ کھڑی ہے‘ حافظ حمداللہ

اسلام آباد (نمائندہ عکس)ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمداللہ کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اور پوری قوم آئین وقانون کی بالادستی کی جنگ میں چیف الیکشن کمشنر کے ساتھ کھڑی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ پیغام میں حافظ حمداللہ نے کہا کہ یہ راجہ سلطان سکندر ہے عارف علوی سابق ڈپٹی اسپیکر اور اسد قیصر کی طرح بنی گالہ کا ٹائیگر نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیف کمشنر الیکشن کمیشن کا ایمان ہے کہ وہ عمران خان کا نہیں ریاست پاکستان کا ملازم ہے، وہ ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ الیکشن کمیشن ایک آزاد اور خود مختار ادارہ ہے۔حافظ حمداللہ نے کہا کہ نہ وہ مستعفیٰ ہونگے اور نہ عمران خان کی سیاسی بدمعاشی آنے والے فیصلوں پر اثر انداز ہوسکے گی۔

انکا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اور پوری قوم آئین وقانون کی بالادستی کی جنگ میں چیف الیکشن کمشنر کے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔ترجمان پی ڈی ایم نے کہا کہ عمران خان نے چیف کمشنر الیکشن کمیشن کے خلاف منظم مہم شروع کردی ہے، ان شائ اللہ یہ مہم بے سود ثابت ہوگی اور عمران اینڈ کمپنی کے لئے مزید مشکلات کا باعث بنے گی۔

حافظ حمداللہ نے مزید کہا کہ چیف کمشنر الیکشن کمیشن آپکی دھونس دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہونگے، وہ ڈٹ کے آئین وقانون کی بالادستی اور عملداری کے ساتھ کھڑے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں