ترجمان پنجاب حکومت

پی ڈی ایم اب لانگ مارچ کی بجائے پہلے ناکامی کی عدت پوری کرلے’ ترجمان پنجاب حکومت

لاہور(عکس آن لائن)ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ چیئرمین اورڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں بد ترین شکست کے بعد پی ڈی ایم کا ریاست مخالف بیانیہ دفن ہو گیا، ڈپٹی چیئرمین میں ڈالے گئے ووٹوں سے ثابت ہو گیا یوسف رضا گیلانی کے مسترد ہونے والے ووٹ حقیقت میں ان کے نہیں تھے، پی ڈی ایم اب لانگ مارچ کے نام پرسڑکوں کی خاک چھاننے کی بجائے پہلے ناکامی کی عدت پوری کرے ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے پی ڈی ایم کو دن کی روشنی میں دکھا دیا ہے کہ جھپٹنا ، پلٹنا ، پلٹ کر جھپٹنا کسے کہتے ہیں ۔ قوم نے اپنی آنکھوں سے ٹھگوں کے ٹولے کو ذلیل و رسوا ہوتے دیکھا ، پی ڈی ایم نوشتہ دیوار پڑھ لے انہیں اسی طرح کے سرپرائز ملیں گے ۔

مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی والے کھوج لگائیں ان کے ساتھ کس جماعت نے ہاتھ کیا ہے ،کھرا اسی جماعت کی طرف جائے گا جس پر پیپلز پارٹی کے سنجیدہ رہنما اعتماد نہیں کرتے، چیئرمین ، ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب میں (ن) نے پی ڈی ایم میں فیصلے تسلیم نہ کئے جانے پر اپنا غصہ نکالا ہے ،پی ڈی ایم میں پھوٹ پڑ چکی ،بہت جلد اتحاد کا شیرازہ بکھر جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ”میٹھا میٹھا ہپ ہپ اور کڑوا کڑوا تھو” کی عادت ترک کرے ،ایوان بالا میں اب عوامی فلاح و بہبود اور اصلاحات کیلئے قانون سازی ہو گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں