سپریم کورٹ

پی ٹی آئی کے ممکنہ لانگ مارچ کو روکنے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر

اسلام آ باد (نمائندہ عکس ) سپریم کورٹ میں تحریکِ انصاف کے ممکنہ لانگ مارچ کو روکنے کے لیے درخواست دائرکر دی گئی۔ درخواست میں سابق وزیراعظم عمران خان، شیخ رشید، شاہ محمود قریشی اور فواد چوہدری سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے جس میں موقف پیش کیا گیا ہے کہ سابق وزیرداخلہ شیخ رشید احمد مختلف سیاسی جلسوں میں ملکی اداروں کو دھمکا رہے ہیں۔

دائر درخواست میں یہ موقف بھی پیش کیا گیا کہ شیخ رشید عوام کو ملکی اداروں پر حملے کیلئے اکسا رہے ہیں۔ سابق وزیراعظم عمران خان ٹائیگر فورس کو حالیہ حکومت کے خلاف استعمال کرسکتے ہیں۔ سابق وزیراعظم عمران خان کا لانگ مارچ کرنے کا مقصد ملک میں افراتفری پھیلانا ہے۔ درخواست گزار نے یہ مقف بھی اپنایا کہ پی ٹی آئی ٹائیگرفورس کو تنخواہ دی جارہی ہے تاکہ وہ ملک کو نقصان پہنچائیں۔ عمران خان سمیت تحریک انصاف کے رہنما مختلف ٹی وی چینلز پر کہہ چکے ہیں ہمارا مارچ خونی ہوگا۔

درخواست میں سابق وزیراعظم عمران خان کے حالیہ متنازعہ بیان کا ذکرکرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ عمران خان نے ایک انٹرویو میں کہا ملک تین حصوں میں تقسیم ہوگا اور ایٹمی اثاثے خطرے میں ہیں۔ عدالت سے استدعا ہے کہ سپریم کورٹ سابق وزیراعظم سمیت پی ٹی آئی کے دیگر رہنماں کے غیر قانونی اقدامات کے خلاف جے آئی ٹی تشکیل دے۔ درخواست میں یہ بھی عدالت سے استدعا کی گئی کہ ٹائیگر فورس کو تنخواہوں کی ادائیگی پر ایف آئی اے سے انکوائری کرائی جائے۔ ملک میں پرامن ماحول برقرار رکھنے کیلئے خونی مارچ کو روکا جائے۔ درخواست اصغرعلی شیخ نامی شہری کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں