الیکشن کمیشن

پی ٹی آئی نے پری پول دھاندلی کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کر دی

اسلام آباد(نمائندہ عکس)پاکستان تحریک انصاف نے پری پول دھاندلی کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کر دی۔پی ٹی آئی کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں ن لیگ کو فریق بنایا ہے، پی ٹی آئی نے مبینہ دھاندلی کے خلاف مفصل دستاویزی شواہد بھی الیکشن کمیشن کو جمع کروا دیے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ایڈیشنل سیکریٹری جنرل عمر ایوب خان، ریاض فتیانہ اور افتخار درانی نے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کرنے کے بعدمیڈیا سے گفتگو میں کہاکہ ہم نے پی پی 140شیخوپورہ کے حوالے سے ثبوت رکھے ہیں کیونکہ اسی حلقے کے ووٹ 2ہزار سے بڑھا کر 5572ووٹ تک بڑھا دیے گئے ہیں، یہ پری پول دھاندلی کی اقسام ہیں، وزرا کا جانا اور تاثر دینا، سرکاری مشینری کا استعمال اس سب کی روک تھام ضروری ہے۔

عمر ایوب نے کہا کہ ہم نے اپنا حق استعمال کرتے ہوئے پٹیشن جمع کرائی ہے، ہم نے قبل از وقت اس لیے پٹیشن دائر کی ہے تاکہ کوئی یہ نہ بولے پہلے تو کوئی اعتراض نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ 20نشستوں پر ضمنی انتخابات پر ن لیگی حکومت اپنے ہوش و حواس کھو بیٹھے ہیں، چھاتہ برداروں کی طرح وفاقی و صوبائی وزرا اپنی وزارتوں سے استعفے دے رہے ہیں لیکن یہ جو بھی ہتھکنڈے استعمال کریں پی ٹی آئی کامیاب ہوگی۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہوسٹنگ ٹرانسفرز بے دریغ کی جا رہی ہیں، ترقیاتی کاموں کے اعلانات کیے جا رہے ہیں، یہ پرانے ہتھکنڈے ہیں جن سے امپورٹڈ حکومت جیتے گی نہیں البتہ وہ ناکام اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں، ایک پبلک سرونٹ ڈی پی او جھنگ بھی اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ راجن پور کے ڈپٹی کمشنر بھی کھل عام مہم چلا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں