فاروق ایچ نائیک

پی ٹی آئی نے الیکشن ٹھیک نہیں کرایا اس لیے انتخابی نشان نہیں مل سکا،فاروق ایچ نائیک

اسلام آباد (عکس آن لائن)پیپلز پارٹی کے سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے الیکشن ٹھیک نہیں کرایا اس لیے ان کو انتخابی نشان نہیں مل سکا،

پاکستان تحریک انصاف بطور پارٹی اپنی جگہ موجود ہے۔ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ اس سب میں تحریک انصاف کی اپنی بھی غلطی ہے، طے کرنا ہو گا قانونی انصاف چاہیے یا عوامی انصاف۔فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ چیف جسٹس صاحب نے قانونی انصاف فراہم کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئین اور قانون کی بالادستی چاہتے ہیں تو قانونی انصاف ہو گا، انتخابی نشان ہو یا نہ ہو، ہر سیاسی جماعت کو امیدوار کھڑے کرنے کی اجازت ہونی چاہیے۔انہوںنے کہاکہ اس فیصلے سے انسانی حقوق کی کوئی خلاف ورزی نہیں ہوئی، عوام کو ووٹ ڈالنے کے حق سے محروم نہیں کیا گیا، صرف انتخابی نشان لیا گیا۔پیپلز پارٹی کے سینیٹر نے کہا کہ امیدوار کی اپنی شناخت اور پہچان کارکردگی کی بنیاد پر ہونی چاہیے، صرف انتخابی نشان پر ووٹ ڈالنا جمہوریت کی نفی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں