وسیم خان

پی سی بی مصباح الحق کی چیف سلیکٹر کے عہدے سے دستبرداری کا فیصلہ کھلے دل سے قبول کرتا ہے ،چیف ایگزیکٹو پی سی بی

اسلام آباد (عکس آن لائن)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا ہے کہ پی سی بی مصباح الحق کی چیف سلیکٹر کے عہدے سے دستبرداری کا فیصلہ کھلے دل سے قبول کرتا ہے ،پاکستان کو آئندہ 24 ماہ میں 3بڑے ایونٹس میں شرکت کرنی ہے جس میں 2 ایشیا کپ اور آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2021 شامل ہیں،نئے چیف سلیکٹر کی مشاورت کے ساتھ سلیکشن کے معیار پر نظرثانی کرناچاہیں گے ۔ اپنے بیان میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ پی سی بی مصباح الحق کی چیف سلیکٹر کے عہدے سے دستبرداری کا فیصلہ کھلے دل سے قبول کرتا ہے، جب ہیڈ کوچ کی حیثیت سے ان کی تقرری کررہے تھے،

تو ہم اْن حالات میں یہ چاہتے تھے کہ وہ چیف سلیکٹر کا عہدہ بھی سنبھالیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آئندہ 24 ماہ میں 3بڑے ایونٹس میں شرکت کرنی ہے جس میں 2 ایشیا کپ اور آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2021 شامل ہیں، اس دوران پاکستان کو 10 ایف ٹی پی سیریزبھی کھیلنی ہیں، جن میں جنوبی افریقہ، زمبابوے،انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ، بنگلہ دیش، آسٹریلیا اور سری لنکا کے خلاف سیریز شامل ہیں۔وسیم خان نے کہا کہ گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران مصباح الحق نیزمبابوے کے خلاف سیریز اور دورہ نیوزی لینڈ کے لیے اسکواڈ کے انتخاب کی غرض سے دیگر سلیکٹرز کے ساتھ بہت مشاورت کی ہے،

اسکواڈ کے انتخاب کا یہ عمل اب مکمل ہونے والا ہے لہٰذا ہمیں نئے چیف سلیکٹر کی تقرری کے لیے یکم دسمبر تک کا وقت مل گیا ہے۔چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا کہ ہم نئے چیف سلیکٹر کی مشاورت کے ساتھ سلیکشن کے معیار پر نظرثانی کرناچاہیں گے تاکہ سلیکشن کمیٹی، نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر اورقومی کرکٹ ٹیم کی منیجمنٹ سب ایک پیج پرہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں