فیاض الحسن

پیپلز پارٹی شہدائے کارساز سے غداری کررہی ہے’وزیر اطلاعات پنجاب

لاہور(عکس آن لائن) صوبائی وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ حالات کی ستم ظریفی نے پیپلز پارٹی کو اپنے نظریات اور شہدا سے غداری اور بے وفائی پر مجبور کر دیا۔

اپنے بیان میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ 18 اکتوبر دوہزار سات کو سانحہ کارساز میں پیپلز پارٹی کے سینکڑوں بے گناہ کارکنان طالبان کے ہاتھوں شہید ہوئے جبکہ کراچی جلسے کی صدارت ٹی ٹی پی کے نظریاتی اور روحانی سرپرست نے کی ۔وزیراطلاعات پنجاب نے کہا کہ حالات کی ستم ظریفی نے پیپلز پارٹی کو اپنے نظریات اور شہدا سے غداری اور بے وفائی پر مجبور کر دیا ہے،

زرداری خاندان کے ذاتی مفادات نے بھٹو کے نظریات اور سیاسی فکر کو کوڑے دان میں ڈال دیا ہے۔فیاض الحسن چوہان نے پیپلز پارٹی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ زرداری خاندان صرف اپنی کھربوں ڈالرز کی کرپشن، نیب ریفرنسز اور قید سے بچنے کیلئے سارے جتن کر رہا ہے۔مریم نواز پر تنقید کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ بیگم صفدر اعوان بڑے غرور و رعونت سے خود کو اور اپنے والد کو بڑا قرار دے رہی ہیں

،آپ واقعی کرپشن، منی لانڈرنگ، اقربا پروری اور جعلی اکانٹس کے ذریعے کھربوں ڈکارنے میں بڑی ہیں،آپ اور آپ کا خاندان ملک دشمن طاقتوں، مودی اور بھارتی را سے ذاتی تعلقات بنانے میں بڑا ہے،اس کے برعکس اخلاق، کردار اور جذبہ حب الوطنی میں آپ انتہائی چھوٹے ہیں۔

فیاض چوہان نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم کے کرپٹ ٹولے کے ذاتی مفادات قوم کے بہتر مستقبل کے بالکل متضاد ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں