کبوتروں کی اڑان

پیرمحل:کبوتروں کی اڑان پر جواءعروج پرپہنچ گیا،چادر چار دیواری کا تقدس پامال ہونے لگا

پیرمحل(نمائندہ عکس آن لائن) گرمی کی شدت میں اضافہ،کبوتروں کی اڑان پر جواءبھی عروج پرپہنچ گیا،چادر چار دیواری کا تقدس پامال ہونے سے مکین سخت ذہنی اذیت کا شکار ہو گئے۔

تحصیل کے شہری اور دیہی حلقوں میں کبوتروں کی اڑان پر جوئے کی بازیاں لگانا روز کا معمول بن چکا ہے اور یہ سلسلہ گذشتہ کئی سالوں سے جاری ہے ۔اگر جائزہ لیا جائے توتحصیل کے دیہاتی ایریامیں ہرہفتے جمعتہ المبارک کے بابرکت دن کے موقع پر کبوتر باز دیگر شہروں اور چکوک سے کبوتروں کی بازیوں میں شرکت کرنے کے لئے آتے ہیں۔تحصیل کے مکینوں کا کہنا ہے کہ تھکان کا شکار ہونے کی وجہ سے جب کبوتر کسی گھر پر آن بیٹھتا ہے تو کبوترباز چادر چار دیواری کے تقدس کی پرواہ کئے بناءگھروں میں آن گھستے ہیں جس کی وجہ سے مکین سخت ذہنی اذیت کا شکار ہو چکے ہیں۔بعض اوقات گرمی کی شدت برداشت نہ کرتے ہوئے اکثر کبوتر مر بھی جاتے ہیں۔

موجودہ روش کو دیکھتے ہوئے شریف گھرانوں کے زیر تعلیم بچے بھی کبوتروں کی جواءبازی کی لعنت کا شکار ہورہے ہیں جس کی وجہ سے ہنستے بستے گھرانے تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں۔کبوتر باز تمام دن ٹولیوں کی صورت میں سرکاری تعلیمی اداروں کے سامنے اور گلیوں میں قبضہ جمائے رکھتے نظر آتے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ٹوبہ ٹیک سنگھ ،محکمہ وائلڈ لائف کے آفیسران اور مقامی تھانہ کے ایس ایچ او سے پرزور مطالبہ ہے کہ مذکورہ مسئلہ کا فوری نوٹس لیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں