پوجا بھٹ

پہلوانوں کا دھرنا، پوجا بھٹ کی پی ٹی اوشا پر تنقید

ممبئی (عکس آن لائن)بالی ووڈ کی نامور اداکارہ پوجا بھٹ نئی دہلی میں دھرنے پر بیٹھے خواتین اور مرد پہلوانوں کے حق میں بول پڑیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں پوجا بھٹ نے احتجاج پر موجود پہلوانوں کی حمایت کی اور ساتھ ہی سابق خاتون ایتھلیٹ پی ٹی اوشا پر تنقید کے تیر چلادیئے۔پوجا بھٹ نے ایک سیاستدان کی ٹوئٹ پر ردعمل دیا اور ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ آپ نے دھرنے پر بیٹھے پہلوانوں کی اس وقت حمایت کی جب زیادہ تر لوگ انہیں چھوڑ گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دل دہل گیا ہے یہ دیکھ کر ہمارے سرفہرست ایتھلیٹ اس وقت سڑک پر ہیں، پی ٹی اوشا جیسی لیجنڈ کھلاڑی ان کا ساتھ دینے کے بجائے دروغ گوئی سے کام لے رہی ہیں۔بھارتی سیاستدان جینت سنگھ نے سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا تھا کہ ہمارے ٹاپ ریسلرز جنوری سے سڑکوں پر ہیں،انہوں نے زیادتی کا الزام لگایا ہے، جب یہ بات پہلی بار اٹھی ،انہیں تب ہی سن لینا چاہیے تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ اس معاملے پر پی ٹی اوشا کا بیان انتہائی بدذائقہ ہے، میں تو اپنے چیمپئنز کے ساتھ کھڑا ہوںبھارتی خواتین اور مرد پہلوان اس وقت نئی دہلی احتجاج کررہے ہیں، انہوں نے ریسلنگ فیڈریشن کے سربراہ برج بھوشن پر جنسی ہراسانی کا الزام لگایا ہے۔

انہوں نے سپریم کورٹ میں برج بھوشن کی گرفتاری سے متعلق درخواست بھی دائر کررکھی ہے۔اس صورتحال پر پی ٹی اوشا نے ردعمل دیا تھا اور کہا تھا کہ احتجاج کرنے والے کھلاڑی کھیل اور ملک کا تاثر خراب کررہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا تھا کہ احتجاج کرنے والے کم از کم کمیٹی کی رپورٹ آنے تک تو انتظار کرلیتے ، وہ جو کچھ کررہے ہیں، وہ بالکل درست نہیں۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں