وزیراعظم

پڑھے لکھے نوجوان ملک کا مستقبل، تعلیم کے بغیر معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا، نگران وزیراعظم

کوہاٹ (عکس آن لائن)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پڑھے لکھے نوجوان ملک کا مستقبل ہیں، جدید تعلیم کا حصول ہماری ترجیح ہے،تعلیمی نظام کی کامیابی پر اساتذہ کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے،کیڈٹ کالج کوہاٹ میں 58ویں یوم والدین کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ یوم والدین کی تقریب میں شرکت میرے لئے اعزاز کا باعث ہے،

بچوں کی تعلیم کے حوالے سے والدین کا کردار بھی اہم ہے، والدین کی ذمہ داری ہے کہ اولاد کو بہترین تربیت دیں،انہوں نے کہا کہ کیڈٹ کالج کوہاٹ میرا مادر علمی رہا ہے، کیڈٹ کالج کا میٹرک اور انٹر میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنا قابل تعریف ہے،

کیڈٹ کالج کوہاٹ کی تعلیمی فضیلت کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کیڈٹس پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم پر توجہ دیں اور اپنی زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے دستیاب وقت اور سہولیات سے بھرپور فائدہ اٹھائیں،انوار الحق کاکڑ نے کہاکہ پڑھے لکھے نوجوان ملک کا مستقبل ہیں، آپ زندگی میں جس چیز کا ارادہ کرتے ہیں وہ حاصل کر لیتے ہیں، جو وقت گزر چکا وہ واپس نہیں آتا، تعلیم کی جامع سکیم کے بغیر معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا،

اس موقع پر پرنسپل کیڈٹ کالج کوہاٹ ریٹائرڈ بریگیڈیئر طفیل محمد خان نے کہا کہ ہمارا عزم کیڈٹس کو صحت مند تعلیم سے آراستہ کرنا ہے تاکہ وہ مستقبل میں آنے والے زندگی کے چیلنجز سے نمٹنے کے قابل بن سکیں،قبل ازیں نگران وزیراعظم نے کیڈٹ کالج کوہاٹ میں یوم والدین کی تقریب میں پریڈ کا معائنہ بھی کیا، اس موقع پر انوار الحق کاکڑ کو سلامی پیش کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں