ڈاکٹر اعجاز گوہر

پولنگ ڈے پر ملک بھر میں مجموعی طور پر امن و امان کی صورتحال مستحکم رہی، وزیرد اخلہ

اسلام آباد (عکس آن لائن)نگران وفاقی وزیر داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ عام انتخابات 2024 کے لئے پولنگ ڈے پر ملک بھر میں مجموعی طور پر امن و امان کی صورتحال مستحکم رہی، سیکورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس اہلکاروں کی غیر متزلزل لگن اور پیشہ وارانہ مہارت کا اعتراف کرتا ہوں۔

پولنگ کے اختتام کے موقع پر اپنے بیان میں وزیر داخلہ نے کہا کہ فورسز کو پر امن انتخابات کے انعقاد کیلئے بڑی تعداد میں تعینات کیا گیاجو کہ جمہوریت اور پاکستان کے عوام کے ساتھ ان کی وابستگی کا منہ بولتا ثبوت ہے، ان تمام سیکورٹی اہلکاروں کے لئے خصوصی مبارکباد جنہوں نے ووٹنگ کے عمل کو پرامن بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ سکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی بلوچستان، خیبرپختونخوا، سندھ اور پنجاب کے دور دراز علاقوں میں بھی کی گئی تھی جو ہر شہری کے پرامن ماحول میں اپنے ووٹ کے حق کو استعمال کرنے کو یقینی بنانے کے لئے ہمارے عزم کا ثبوت ہے، چند واقعات کے علاوہ مجموعی صورتحال کنٹرول میں رہی جو ہمارے حفاظتی اقدامات کی افادیت کو ظاہر کرتی ہے۔ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ پولنگ کے عمل کا خوش اسلوبی سے اختتام ہماری مسلح افواج، سول آرمڈ فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے عوام کو پرامن ماحول فراہم کرنے کے عزم کی نشاندہی کرتا ہے جس کے نتیجے میں وہ بلا خوف و خطر اپنے جمہوری حق کا استعمال کر پائے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں