صادق سنجرانی

پوری قوم دہشت گردی کے خلاف یکجا ہے، ملک دشمن عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکتے، چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد(عکس آن لائن )چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملے کے نتیجے میں دو اہلکاروں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکتے۔پوری قوم دہشت گردی کے خلاف یکجا ہے۔

دہشت گرد امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنا چاہتے ہیں جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کی ترقی سے ملک دشمن قوتیں خائف ہیں۔ دہشت گردی کے واقعات ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ملک میں امن قائم کرنے کیلئے سیکورٹی فورسز کی لازوال قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔چیئرمین سینیٹ نے شہدا ء کے درجات بلندی کیلئے اللہ تعالیٰ سے دعا کی۔

دریں اثناء چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے صوبہ بلوچستان کے علاقے سبی میں جعفر ایکسپریس کے ٹریک پر ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولت فراہم کرنے کیلئے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کیں۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر مرزا محمد آفریدی، سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم اور قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی نے بھی سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی قیمتی جانوں کے ضیاع اور جعفر ایکسپریس کے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں