عثمان بزدار

پنجاب میں 9مریض کورونا وائرس کے باعث جان کی بازی ہار چکے ہیں،عثمان بزدار

لاہور(عکس آن لائن) پنجاب میں بھی کورونا وائرس کی وبا تیزی سے پھیلنے لگی۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ٹوئٹ کے مطابق پنجاب میں نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد تعداد سات سو آٹھ تک پہنچ گئی۔ پنجاب میں اب تک کورونا سے نو افراد جاں بحق اور پانچ مریض صحتیاب ہوکر اپنے گھروں کو چلے گئے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب میں کرونا وائرس کسی اسیب کی طرح ہر کسی کا پیچھا کر رہا ہے۔ پنجاب میں کرونا وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہونے لگا۔ وزیراعلٰی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ پنجاب میں کرونا مریضوں کی تعداد سات سو آٹھ ہوگئی جبکہ لاہور میں نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد ایک سو چون تک جا پہنچی ہے۔اس طرح ڈی جی خان میں دو سو سات زائرین، ملتان میں اکانوے اور رائے ونڈ قرنطینہ میں چونتیس تصدیق شدہ مریض ہیں۔ فیصل آباد قرنطینہ میں پانچ، ننکانہ صاحب تیرہ، راولپنڈی پینتالیس ، جہلم میں اٹھائیس ، گوجرانوالہ میں بارہ ، گجرات بہتر ، منڈی بہاوالدین چار ، حافظ آباد پانچ اور قصور، خوشاب ، بہاولپور لیہ میں ایک ایک مریض ، سرگودھا، لودھراں، وہاڑی اور ملتان میں دو دو میانوالی اور رحیم یار خان تین تین جبکہ فیصل آباد نو مریض زیر علاج ہیں۔ صوبے بھر سے چودہ ہزار اٹھ سو نوے مشتبہ افراد کے لیبارٹری ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں جبکہ اب تک پنجاب میں کورونا وائرس سے نو افراد موت کی آغوش میں جا چکے ہیں جبکہ پانچ مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے علاج معالجہ میں مصروف عمل ڈاکٹروں، نرسوں اورپیرا میڈیکل اسٹاف سے یکجہتی کااظہار کیا ہے۔وزیراعلی پنجاب کی جانب سے اسپتالوں کے آئسولیشن وارڈزمیں فرائض سرانجام دینے والوں ڈاکٹروں،نرسوں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو جذبہ خیرسگالی کے طور پر پھول بھجوائے گئے ہیں۔

اس موقع پر نرسوں اور پیرامیڈیکل سٹاف کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز، نرسیں اور پیرامیڈیکل اسٹاف ہمارے ہیرو ہیں، ہمارے ڈاکٹروں نے مسیحائی کی نئی مثال قائم کی ہے،پوری قوم ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرامیڈیکل سٹاف کو سلام پیش کرتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں