میاں اسلم اقبال

پنجاب میں گرانفروشوں کیخلاف کریک ڈائون جاری،دو ماہ میں 906افرادگرفتار کیا گیا’ میاں اسلم اقبال

لاہور( عکس آن لائن )وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر صوبے میں گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کریک ڈائون جاری ہے اور گزشتہ دوماہ میں مختلف شہروں میں گرانفروشی پر906افرادکو گرفتار،971مقدمات کا اندراج اور تقریباسات کروڑروپے کے جرمانے عائد کئے گئے۔یہ بات صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت پرائس کنٹرول اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقد اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتائی گئی۔

صوبائی وزیر زراعت حسین جہانیاں گردیزی، چیف سیکرٹری پنجاب، صنعت،خوراک اورزراعت کے محکموں کے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز، سی ای او اربن یونٹ،کمشنر لاہور ڈویژن، ڈائریکٹر فوڈ پنجاب، ڈپٹی کمشنر لاہور اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ اجلاس میں اشیا ئے ضروریہ کے نرخوں اور دستیابی کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ چینی اور گھی کی قیمتوں کو اعتدال میں رکھنے کیلئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میاں اسلم اقبال نے کہا کہ عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی کیلئے پنجاب حکومت آٹے پر اربوں روپے کی سبسڈی دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے باعث صوبے میں ہر جگہ 20کلو آٹے کا تھیلا مقررہ قیمت 860روپے میں دستیاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی پر قابو پانے کیلئے اشیا ضروریہ کی سپلائی چین کو ریگولیٹ کرنا ضروری ہے۔ حسین جہانیاں گردیزی نے کہا کہ زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور کسانوں کو مالی فوائد اور سہولیات فراہم کر کے پیداواری صلاحیت میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر پھلوں، سبزیوں سمیت دیگر اشیا ضروریہ کی طلب اور رسد سے متعلق پیشگی منصوبہ بندی کی جائے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق اشیا ئے خورونوش کی مقررہ نرخوں پر دستیابی کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کیلئے انتظامی افسران متحر ک انداز میں اپنے فرائض سر انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف اضلاع میں پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں واضح فرق کی بنیادی وجہ زرعی منڈیوں میں نیلامی کا فرسودہ نظام ہے، زرعی اجناس کی قیمتوں کو موثر انداز میں کنٹرول کرنے،کمیشن ایجنٹس کی اجارہ داری کے خاتمہ اور کسانوں کی حوصلہ افزائی کیلئے صوبہ میں زرعی منڈیوں کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مڈل مین کے کردار کو محدود کرنے کیلئے کسانوں کو صارفین تک براہ راست رسائی دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اضلاع میں منڈیوں میں زرعی اجناس کی قیمتوں کے فرق، نیلامی کے عمل، طلب اور رسد کی مانیٹرنگ اور یکساں پرائسنگ کیلئے منڈی ایپ متعارف کرائی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں