پنجاب میں لاک ڈاون

پنجاب میں لاک ڈاون میں 31 مئی تک توسیع، خیبر پی کے 4، سندھ میں 5 دن کاروبار کھلے گا

لاہور (عکس آن لائن ) پنجاب میں لاک ڈاون میں اکتیس مئی تک توسیع کردی گئی ، ہفتے میں چار روز کاروبار کھلے گا. خیبر پختونخوا میں بھی 4 روز دکانیں کھلیں گی. سندھ میں ہفتہ اور اتوار کو مکمل لاک ڈاون ہوگا،شاپنگ مالز، شادی ہالز،ریسٹورنٹ،بند رہیں گے،

بلوچستان میں پیر سے دکانیں فجر کے بعد سے شام پانچ بجے تک کھلیں گی۔کورونا کا پھیلاوروکنے کیلئے صوبائی حکومتوں کے اقدامات، کاروبار کتنے دن چلے گا، حکمت عملی وضع کر لی گئی۔

پنجاب حکومت نے لاک ڈاون میں 31 مئی تک توسیع کر دی، دکانیں اور آٹو ورکشاپس صبح 9 سے شام 5 بجے تک کھلی رہیں گی۔ کنسٹرکشن، پی وی سی پائپ، الیکٹرک، اسٹیل، ایلومینیم کے کاروبار کی اجازت ہو گی۔صوبے میں جمنیزیم، باربر شاپس، بیوٹی پارلرز، پوسٹل اور کورئیر سروسز بھی کھول دی گئیں۔

ریسٹورنٹس سے ٹیک اوے، ہوم ڈلیوری، ٹائر شاپس، پٹرول پمپس پر 24 گھنٹے کام جاری رہے گا۔پنجاب میں شاپنگ پلازے، شادی ہالز، پبلک ٹرانسپورٹ اور تعلیمی اداروں کی بندش برقرار رہے گی۔ سندھ میں کل سے دکانیں فجر کے بعد سے شام پانچ بجے تک کھلیں گی، شاپنگ مالز، شادی ہالز، ریسٹورنٹ اور سینما گھر بند رہیں گے۔ صوبے بھر میں ہفتہ اور اتوار کو مکمل لاک ڈاون ہوگا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے تاجروں کو آج مذاکرات کیلئے بلا لیا، انہوں نے پیر سے مارکیٹیں کھولنے کی وارننگ دی تھی۔ادھر خیبرپختونخوا میں جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو مکمل لاک ڈاون ہوگا، باقی دنوں میں کاروبار چلے گا۔ دکانیں صبح تین بجے سے شام 4 بجے تک کھولی جائیں گی۔بلوچستان میں سحری سے شام 5 بجے تک دکانیں کھلی رہیں گی، میڈیکل اسٹور اور دودھ دہی کی دکانیں چوبیس گھنٹے کھلیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں