جاوید قصوری

پنجاب حکومت کا نصاب تعلیم سے اسلامی تعلیمات نکالنے کا فیصلہ قابل مذمت ہے’ جاوید قصوری

لاہور(عکس آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے نصاب تعلیم سے اسلامی تعلیمات نکالنے کا فیصلہ انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت ہے۔ نصاب تعلیم سے حمد ونعت ، سیرت النبی ، قرآنی آیات، اور احادیث نکالنے کا فیصلہ در حقیقت اس بات کا ثبوت ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت اسلام بیزاروں کی حکومت ہے۔ ریاست مدینہ کے دعویداروں نے غیر ملکی آقائوں کو خوش کرنے کا ایجنڈا اختیار کررکھا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزصوبائی دفتر منصورہ میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ جب سے تحریک انصاف کی حکومت بر سر اقتدار آئی ہے وہ مختلف حیلوں بہانوں سے اسلامی تعلیمات، شعائر اور اقدار کے خلاف کام کررہی ہے۔ قادیانیوں اور دین بیزار افراد کی سرگرمیاں بہت بڑھ چکی ہیں۔ اسلام کے نام پر وجود میں آنے والا ملک اور دنیا اسلام کی پہلی ایٹمی ریاست ایسے افراد کے ہاتھوں میں ہے جن سے خیر کی توقع نہیں۔ یکساں نظام تعلیم کے نام پر ہونے والی اس سازش کو جماعت اسلامی کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ انہوں نے کہا ہے کہ اسلامی تہذیب ، نظریاتی تشخص اور تعلیمات کو نصاب سے نکال کر نوجوان نسل کو اپنے مذہب اور تاریخ سے دو ر کرنے کے ایجنڈے پر کام ہورہا ہے۔ ماضی کی حکومتوں میں بھی اس قسم کے اقدامات کیے جاتے رہے ہیں جن سے معاشرے میں اضطراب، بے چینی اور تشدد بڑھا۔

قوم کو دیکھنا ہوگا کہ جن لوگوں کو جھولیاں بھر کر ووٹ دیے گئے وہ در اصل مغرب کے ایجنٹ اور ان ہی کی سازشوں میں آلہ کار ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ نصاب تعلیم کو آئین پاکستان اور دین اسلام کی روشنی میں ترتیب دیا جائے بصورت دیگر جماعت اسلامی میدان میں نکل کر بھر پور احتجاجی تحریک چلائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں