پنجاب حکومت

پنجاب حکومت کا سیلاب سے جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10، 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان

لاہور(نمائندہ عکس) پنجاب حکومت نے سیلاب سے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو 10، 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان کر دیا۔ پنجاب کے وزیر میاں اسلم اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گھروں کی مرمت کے لیے ایک سے 2 لاکھ روپے دیئے جا رہے ہیں اور جن کی فصلیں تباہی ہوئیں ہیں ان کو بھی معاوضہ دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیٹلائیٹ کی مدد سے سیلاب زدہ علاقوں کی تصاویر لی جا رہی ہیں۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف چیئرمین عمران خان کو بلیک آوٹ کرنے والے خود بلیک آوٹ ہونے جا رہے ہیں۔ ملک میں استحکام کی ضروت ہے اور سیاسی استحکام کے لیے نئے الیکشن ضروری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لوگ عمران خان پر اعتماد کرتے ہیں اور اس لیے ان کو عطیات دیتے ہیں۔ وفاقی حکومت الزام لگاتی ہے کہ عمران خان سیلاب زدگان کا نہیں سوچتے لیکن جب عمران خان ٹیلی تھون کرتا ہے تو یہ لوگ مسائل پیدا کرتے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ سیلاب زدگان نیب زدگان پر اعتماد نہیں کرتے اور عمران خان کو بلیک آوٹ کرنے والے سیاست سے فارغ ہونے والے ہیں۔ مہنگائی نے عوام کا جینا حرام کر دیا ہے اور بجلی کی قیمتوں میں بے شمار اضافے کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے نیب میں اپنے کیسز صاف کیے ہیں لیکن اب احتساب کا عمل دوبارہ ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں