وزیراعظم

پاکستان کے خلاف ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کیلئے قوم افواج کے ساتھ کھڑی ہے، وزیراعظم

اسلام آباد (عکس آن لائن)نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے یوم دفاع و شہدا پر مادر وطن کیلئے جانوں کے نذرانہ پیش کرنے والے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرتے کہا ہے کہ شہدا ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، ہم شہداکی قربانیوں اور ان کے خاندانوں کے مقروض ہیں۔تفصیلات کے مطابق چھ ستمبر کو دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا، کراچی اور لاہور میں قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کے مزارات پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب بھی منعقد کی گئی۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے یوم دفاع و شہدا پر مادر وطن کیلئے جانوں کے نذرانہ پیش کرنے والے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ 6 ستمبر کو یوم جذبہ، بہادری، حوصلے اور استقلال کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔یوم دفاع کے حوالے سے قومی یادگار شکرپڑیاں میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہاکہ مادر وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور یہاں یوم دفاع و شہدا کی تقریب میں شرکت کے لیے موجود ہیں کہ ہم اپنے شہدا کو بھولے نہیں ہیں، وہ اللہ کی راہ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ شہدا ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، ہم شہداکی قربانیوں اور ان کے خاندانوں کے مقروض ہیں، اس قرض کی ادائیگی میں جو چھوٹا سانذرانہ ہم پیش کرسکتے ہیں وہ ان کی اور ان کے پیاروں کی تکریم ہے۔انہوں نے کہا کہ یہی وہ جذبہ ہے جس کا ذکر علامہ اقبال نے بھی پنے اشعار کے ذریعے کیا، شہادت ایک عظیم رتبہ ہے جس کا اللہ تعالیٰ کے یہاں بہت بڑا اجر ہے۔

وزیراعظم نے اسلام آباد میں یادگار پاکستان پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ہم یہاں مٹی کے ان بہادر بیٹوں کو خراج تحسین پیش کرنے آئے ہیں جنہوں نے قوم کی سلامتی کو یقینی بناتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں