محمد علی درانی

پاکستان کیخلاف دہشتگردوں کے پاس جدید ترین امریکی اسلحہ کہاں سے آیااور آرہا ہے؟ تحقیقات کرائی جائیں، محمد علی درانی

اسلام آباد (عکس آن لائن)سابق وفاقی وزیر اور سینئر سیاستدان محمد علی درانی نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف دہشت گردوں کے پاس جدید ترین امریکی اسلحہ کہاں سے آیااور آرہا ہے؟ یہ تحقیقات دہشت گردوں اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے نہایت ضروری ہیں ، دہشت گردی کے خاتمے کے لئے امریکہ جدید ٹیکنالوجی سے پاکستان کی مدد کرے جو خود امریکہ اور دنیا کے امن کے مفاد میں ہے۔

دہشت گردوں کو جدید اسلحے کی فراہمی نہ روکی گئی تو خدانخواستہ ایک اور ‘نائن الیون’ کا امکان رد نہیں کیاجاسکتا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات محمد علی درانی نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جدید ترین اسلحہ اورٹیکنالوجی کی دہشت گردوں کے پاس موجودگی عالمی وعلاقائی امن کے لئے سنگین خطرہ ہے۔ امریکی جدید ٹیکنالوجی سے پاکستان پر دہشت گردی کی نئی جنگ مسلط کی جارہی ہے۔

دہشت گردی اور دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں جدیدٹیکنالوجی کی فراہمی سے امریکہ پاکستان کا ساتھ دے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ خطے میں امن کے قیام میں کردار خود امریکی مفاد میں ہے۔ ایک اور سوال پر سینیٹر درانی نے کہاکہ امریکی اسلحے اور جدید ٹیکنالوجی سے اسرائیل فلسطینیوں اور دہشت گرد پاکستان کے خلاف جنگ کررہے ہیں۔ دہشت گردوں کے پاس اس اسلحے اور ٹیکنالوجی کی موجودگی کئی سوالات اٹھا رہی ہے جنہیں نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔

اقوام متحدہ کی سطح پر تحقیقات کرانے کے حوالے سے سوال پر سابق وفاقی وزیر نے کہاکہ اقوام متحدہ اور دنیا بالخصوص امریکہ کی ذمہ داری بنتی ہے کہ جدید ٹیکنالوجی اور اسلحہ کی دہشت گردوں اور دہشت گردریاستوں کو فراہمی روکے۔ دہشت گرد کسی ریاست کی صورت میں ہوں یا پھر جتھوں کی شکل میں، دونوں کا طرز عمل اور ہدف دنیا میں فساد پھیلانا ہے جس سے دنیا کی کوئی قوم اور ملک محفوظ نہیں رہے گا۔

محمد علی درانی نے کہاکہ بے مثال بہادری اور شہادتوں سے افواج پاکستان اور قوم نے متحد ہوکر دہشت گردی کو پہلے بھی شکست دی ہے۔تمام سیاسی جماعتوں، اداروں اور عوام کو نئے حالات کے تقاضوں کے مطابق اتحاد اور جامع حکمت عملی سے آگے بڑھنا ہوگا۔ امریکی اسلحے اور ٹیکنالوجی سے لیس دہشت گردوں کو بھی پاکستانی قوم اور افواج ایک بار پھر شکست دیں گے۔ مضبوط دفاع اور مضبوط جمہوریت پاکستان کی سالمیت کے ضامن ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں