وزیر اعظم شہباز شریف

پاکستان میں پچھلے 15 ہفتوں میں کووڈـ19 سے ایک بھی موت نہ ہونا خوش آئند امر ہے،وزیراعظم

اسلام آباد(عکس آن لا ئن) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں پچھلے 15 ہفتوں میں کووڈـ19 سے ایک بھی موت نہ ہونا خوش آئند امر ہے،پانچ سے بارہ سال کے بچوں کی 100 فیصد ویکسینیشن کو ہنگامی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے،پاکستان کی سرحدوں اور ہوائی اڈوں پر آمدورفت پر سکریننگ کو مزید مؤثر بنایا جائے،سرحدوں اور ہوائی اڈوں پر سکریننگ کے نظام کی تھرڈ پارٹی جانچ پڑتال کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت ملک میں کووڈـ19 کی صورتحال پر جائزہ اجلاس ہوا ۔

اجلاس کو خطے سمیت پوری دنیا اور پاکستان میں اس وقت کووڈ کی صورتحال، کووڈ کی نئی اقسام، ان کی روک تھام کیلئے کئے گئے اقدامات اور ویکسینیشن کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ کووڈ کی نئی قسم سے پاکستان کو بظاہر کوئی خطرہ نہیں کیونکہ پاکستان کی 90 فیصد آبادی مکمل طور پر اور 95 فیصد آبادی جزوی طور پر ویکسینیٹڈ ہے. 5 سے 12 سال کے تین کروڑ 50 لاکھ بچوں میں ویکسینیشن کی شرح 25 فیصد ہے جبکہ اس کو آئندہ مہینوں میں 100 فیصد کر دیا جائے گا.

پاکستان میں انفیکشن کی اوسط شرح 0.2 سے 0.5 فیصد ہے اور گزشتہ 15 ہفتوں سے کووڈ سے کوئی موت واقع نہیں ہوئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ کووڈـ19 کی نئی اقسام کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے باڈر پر مؤثر انتظامات کئے گئے ہیں،اس کے ساتھ ساتھ ہوائی اڈوں پر رینڈم سامپلنگ کی شرح بڑھا کر 2 فیصد کر دی گئی ہے اور متاثرہ ممالک سے آنے والے ہوائی جہازوں کی فیومیگیشن کے ساتھ مسافروں کی سکریننگ بھی مزید مؤثر بنائی گئی ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت کے اقدامات اور وزیرِ اعظم کی خصوصی توجہ کی بدولت پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں سے ایک ہے جس میں جینوم سرویلنس یقینی بنائی گئی ہے جسکی بدولت بہت جلد وائرس کی نئی قسم کی نشاندہی ممکن ہوتی ہے۔

وزیر اعظم نے وزارتِ نیشنل ہیلتھ سروسز، این سی اوسی حکام اور سول ایوی ایشن حکام کے کووڈـ19 کی روک تھام کے اقدامات کی تعریف کی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاکہ اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان میں کووڈـ19 کی صورتحال قابو میں ہے،پانچ سے بارہ سال کے بچوں کی 100 فیصد ویکسینیشن کو ہنگامی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان کی سرحدوں اور ہوائی اڈوں پر آمدورفت پر سکریننگ کو مزید مؤثر بنایا جائے،سرحدوں اور ہوائی اڈوں پر سکریننگ کے نظام کی تھرڈ پارٹی جانچ پڑتال کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان میں پچھلے 15 ہفتوں میں کووڈـ19 سے ایک بھی موت نہ ہونا خوش آئند امر ہے،مجھ سمیت پوری قوم ویکسین عطیہ کرنے والے ممالک کے شکرگزار ہے،کووڈـ19 انفیکشن کی کم شرح خوش آئند ہے مگر ہمیں ہر وقت تیار رہنا ہوگا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ کووڈ19کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے اقدامات کرنے والے تمام عہدیداران اور این سی اوسی کی کوششیں قابلِ ستائش ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں