پاکستان میں آم

پاکستان میں آم کی 110سے زائداقسام پیدا ہوتی ہیں ، زرعی ماہرین

اسلام آباد (عکس آن لائن)زرعی ماہرین نے کہاہے کہ پاکستان میں آم کی 110سے زائدبہترین اقسام پیدا ہوتی ہیں ، پاکستان میں آم کی پیداوار17لاکھ ٹن ہے۔محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے کہاکہ دنیا بھر میں اعلی معیار، ذائقہ اور غذائیت کی وجہ سے پاکستانی آم منفرد پہچان کا حامل ہے۔

تاہم ملکی پیداوار کا صرف 6فیصد آم برآمد کیا جا رہا ہے جبکہ آم برآمد کرنے والے دیگر ممالک میں میکسیکو اور برازیل بالترتیب کل پیداوار کا 14 فیصد اور 12 فیصدبرآ مد کر رہے ہیں۔مقامی اور بین الاقوامی منڈیوں میں آم کے پلپ کی مانگ میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔پاکستان میں آم رقبے اور پیداوار کے لحاظ سے ترشاوہ پھلوں کے بعد دوسرے نمبر پر آتا ہے۔ترجمان نے کہاکہ آم کی ملکی پیداوار میں پنجاب کا حصہ قریبا77فیصد ہے۔ پاکستان میں آم کی اوسط پیداور 11ٹن فی ہیکٹر ہے جبکہ پیداواری پوٹینشل25ٹن فی ہیکٹر ہے۔

اسی لئے موجودہ حکومت دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے آم کے کاشتکاروں، سپلائرز اورایکسپورٹرز کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے تاکہ آم کے باغبانوں کو درپیش مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ آم کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں