پاکستان سپر لیگ

پاکستان سپر لیگ کا میلہ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں 26, 28, اور 29 فروری کو سجے گا

ملتان(عکس آن لائن)پاکستان سپر لیگ کا میلہ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں 26, 28, اور 29 فروری کو سجے گا، اس حوالے سے جنوبی پنجاب کے شائقین کرکٹ کی میزبانی کے تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ 33 کروڑ روپے کی لاگت سے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کا کام مکمل کر لیا گیا ہے ،کھلاڑیوں اور شائقین کرکٹ کے لیے اسٹیڈیم میں سہولیات میں اضافہ کر دیا گیا ہے جبکہ فول پروف سکیورٹی کے لیے اسٹیڈیم کی چاردیواری کی تکمیل کر لی گئی ہے،اسٹیڈیم کے گراونڈ میں نئی پچز تیار اور گرین گراس کا کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے ۔26 فروری کو کرکٹ میچ ملتان سلطان اور پشاورزلمی کے مابین شام سات بجے شروع ہو گا ،

28 فروری کو ملتان سلطان اور کراچی کنگ جبکہ 29 کو ملتان سلطان اور کوئٹہ گلیڈی ایٹر مد مقابل ہو نگے ۔ 28 اور 29 فروری کو 2 بجے شروع ہونے والے میچ ڈے اینڈ نائٹ ہونگے ۔ضلعی انتظامیہ اور پولیس بہترین انتظامات کے لیے سرگرم عمل ہے اور اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں تمام متعلقہ اداروں کوذمہ داریاں سونپ دی گئیں ہیں،اجلاس میں ایس ایس پی آپریشن کاشف اسلم، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قمرالزمان قیصرانی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنریونیو طیب خان ،اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر احمدرضا، ایم ڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ناصر شہزاد ڈوگر اورمنیجر ملتان کرکٹ اسٹیڈیم مدثر اقبال تارڑ،سی ای او ایجوکیشن ریاض خان ،میٹروپولیٹن کارپوریشن، واسا، ریسکیو، سول ڈیفنس اور سپورٹس کے افسران بھی شریک تھے۔ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے شائقین کرکٹ کے لیے کراچی اور لاہور سے بڑھ کر انتظامات کئے جائیں گے،

پی ایس ایل کو ایک کامیاب ایونٹ بنایا جائے گا، بیک وقت 25 ہزار تماشائیوں کی سکیورٹی اور پارکنگ کے انتظامات کئے جائیں گے، ضلعی انتظامیہ اور پولیس ہر حد تک پاکستان کرکٹ بورڈ کو سپورٹ فراہم کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ شہر سے اسٹیڈیم جانے والے تمام شاہراہوں کی بھر پور صفائی کی جائے گی، ملتان کرکٹ اسٹیڈیم کے اندر اور باہر صفائی ستھرائی کے لیے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا سکواڈ مقرر کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے میپکو کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی کے احکامات جاری کیے ہیں جبکہ کرکٹ اسٹیڈیم کے اندر اور باہر 54 واک تھرو گیٹس لگائے جائیں گے،منظم پارکنگ پلان تیار کیا جائے گا، عامر خٹک نے شہر سے اسٹیڈیم تک پورے روٹ پر سٹریٹ لائٹس بحال کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔ایس ایس پی آپریشن کاشف اسلم نے کہا کہ شائقین کے لئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں