اے پی ایس

پاکستان ایک خوش قسمت ملک ہے جس کی بڑی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے،گورنر پنجاب

سرگودھا(عکس آن لائن)گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ پاکستان ایک خوش قسمت ملک ہے جس کی بڑی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور یہی نوجوان ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں۔

گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے بطور چانسلرسرگودھا یونیورسٹی کے دسویں کانووکشن میں تقسیم ایوارڈ و ڈگریاں کی تقریب میں تعلیم و تحقیق کے میدان میں قومی و بین الاقوامی سطح پر خاص مقام حاصل کرنے پر سرگودھا یونیورسٹی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ تدریس میں پنجاب بھر کی جامعات میں دوسرے اور پاکستان میں تیسرے نمبر پر قرار پانا ظاہر کرتا ہے کہ یونیورسٹی آف سرگودھا کا سفردرست سمت میں گامزن ہے۔

انہوں نے طلبہ سے شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز اس وقت معاشی مسائل سے دو چار ہے،ضرورت اس امر کی ہے کہ جدت اور تحقیقی اصولوں کو اپناتے ہوئے طلبہ نئی ایجادات اور انکشافات کے ذریعے دنیا بھر میں اپنی شناخت قائم کریں اور وطن عزیز کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لا کھڑا کریں۔

ملک کی تعمیر و ترقی میں نوجوان ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اس لیے طلبہ کو چاہیے کہ اپنے اساتذہ سے جو مثبت اور تعمیری سوچ سیکھی ہے اسی سوچ کے ساتھ معاشرے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔اس موقع پر گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے یو نیورسٹی کے29456طلباء و طالبات کو ڈگریاں تفویض کرتے ہوئے 277پوزیشن ہولڈر طلبا و طالبات اور81پی ایچ ڈی سکالرز میں میڈلز و ڈگریاں تقسیم کیں۔

گورنر کے ہمراہ چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس، پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یاسین، رجسٹرار وقار احمد، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد بشیر، وائس چانسلر ایمرسن یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان، وائس چانسلر بابا گورو نانک یونیورسٹی ننکانہ صاحب پروفیسر ڈاکٹر محمد افضل،

وائس چانسلر خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی رحیم یار خان پروفیسر ڈاکٹر محمد شہزاد مرتضیٰ، سابق وائس چانسلر ڈاکٹر اشتیاق احمد بھی شرکت تقریب تھے اورگورنر نے بطور چانسلر اس دسویں کانووکیشن کی صدارت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں