وزیراعظم شہبازشریف

پاکستان اور متحدہ عرب امارات مضبوط تعلقات کیلئے پرعزم،اعلامیہ جاری

اسلام آ باد(نمائندہ عکس ) وزیراعظم شہبازشریف کی ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

وزیراعظم ہاوس کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ہفتے کو ابوظبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر عزت مآب شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے ابوظبی میں ملاقات کی۔ ابوظبی میں وزیراعظم کے ہمراہ کابینہ کے اہم ارکان اور اعلی حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔ولی عہد نے شہبازشریف کو وزیراعظم پاکستان کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی اور نیک تمناوں کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان کے عوام کی ترقی اورخوش حالی کے لئے خیرسگالی اور نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔دونوں رہنماوں نے دوطرفہ،علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی مشاورت کی۔

وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کی تاریخ ساز ترقی کا حوالہ دیتے ہوئے متحدہ عرب امارات کی قیادت اور عوام کو مبارک باد پیش کی۔

انھوں نے آنے والی دہائیوں میں مزید کامیابیوں اورکامرانیوں کے لئے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے دبئی عالمی نمائش 2020 کے کامیاب انعقاد پرمبارک باد پیش کی۔ وزیراعظم شہبازشریف نے دوطرفہ سطح اورعالمی فورمز پر پاکستان کی دیرینہ اور بھرپور حمایت پر متحدہ عرب امارات کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے خاص طور پرپاکستان اعانت پروگرام کے تحت پاکستان میں انسانی خدمت وفلاح کے منصوبہ جات شروع کرنے اور کرونا عالمی وبا کے دوران متحدہ عرب امارات کی طرف سے فراہم کردہ کلیدی امداد پر شکریہ ادا کیا۔

شیخ محمد زاید آل نہیان کے پوری دنیا سے پولیو ختم کرنے کے نیک اقدام کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے اس موذی مرض کے خاتمے کے لئے عالمی کوششوں کی بھرپور حمایت میں متحدہ عرب امارات کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس ملاقات میں مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کا جائزہ لیتے ہوئے دونوں رہنماوں نے سرمایہ کاری، معاشی ترقی، توانائی، ڈھانچے اور زراعت کے شعبوں میں شراکت داریاں تشکیل دینے اور تعاون تیز کرنے پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے تجارت اور معاشی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کیا۔

ولی عہد نے دنوں ممالک کی آنے والی نسلوں کے مفاد میں قریبی دوطرفہ برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے موثر کاوشیں کرنے سے متعلق وزیراعظم کو یقین دلایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں