پاکستانی عازمینِ حج کو بہترین سہولیات فراہم کرنے پر سعودی حکام کے تعاون کے شکر گزار ہیں، انیق احمد

اسلام آباد (عکس آن لائن)پاکستانی حجاج کو بہترین سہولیات فراہم کرنے پر سعودی حکام کے تعاون کے شکر گزار ہیں۔

یہ بات وزیر مذہبی امور انیق احمد نے سعودی سفیر نواف سعید المالکی سے حج انتظامات کے سلسلے میں سعودی سفارتخانے میں ملاقات کے دوران کہی۔ تفصیلات کے مطابق دونوں رہنمائوں نے حج 2024 کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ سعودی وزیر حج ڈاکٹر توفیق الربیعہ اور سعودی سفیر کے بہترین تعاون کی بدولت پاکستانی عازمین حج کی سہولیات کو مثالی بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔ حج انتظامات کو بروقت مکمل کیا جائیگا اس سلسلے میں وزارتِ مذہبی امور اور پاکستان حج مشن سعودی اداروں سے مسلسل رابطے میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی ہدایات کے مطابق پرائیویٹ حج سکیم کے ذریعے حج کرنے کے خواہشمند عازمین کو مزید آسانی فراہم کی گئی ہے۔ حج کمپنیوں پر مشتمل 146 منظم کمپنیاں تشکیل دی جا چکی ہیں اور ان کے کوائف وزارت مذہبی امور پر آویزاں کیے جا چکے ہیں اور عازمینِ حج کی بکنگ کا عمل شروع کیا جا چکا ہے۔

سعودی سفیر نے پرائیویٹ حج کمپنیوں کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلا یا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی ایئرپورٹ سے ”روڈ ٹو مکہ ” پراجیکٹ کو حتمی شکل دینے کیلئے سینئر سعودی حکام فروری کے آخری ہفتے میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔ سرکاری عازمین کے ساتھ پرائیویٹ حج سکیم کے عازمین کو بھی رود ٹو مکہ پراجیکٹ میں شامل کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں