ٹیکسٹائل کے شعبہ

ٹیکسٹائل کے شعبہ میں جاری مالی سال کے دوران 22.8 ملین ڈالرکی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری

اسلام آباد (عکس آن لائن) ملک میں جاری مالی سال کے دوران ٹیکسٹائل کے شعبہ میں 22.8 ملین ڈالرکی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی ہے۔سرمایہ کاری بورڈ کے مطابق ٹیکسٹائل کے شعبہ ان شعبہ جات میں شامل ہیں جہاں گزشتہ سالوں کے دوران غیرملکی سرمایہ کاری شرح زیادہ رہی ہے۔

جولائی سے لیکر نومبر2019ء تک کے عرصہ میں ملک میں ٹیکسٹائل کے شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کاحجم 22.8 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔گزشتہ مالی سال کے دوران ٹیکسٹائل کے شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کاحجم 76.8 ملین ڈالر رہاتھا۔اعدادوشمارکے مطابق مالی سال 2017-18ء، مالی سال 2016-17 ء اورمالی سال 2015-16ء کے دوران ملک میں اس شعبہ میں بالترتیب 49.7، 15.5 اور43.9 ملین ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی۔جاری مالی سال کے دوران ملک میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا مجموعی حجم 850.1 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ مالی سال کے دوران ملک میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 1688 ملین ڈالر رہاتھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں