شاہ رخ

ویڈیو، ہندو پنڈت کی شاہ رخ خان کو زندہ جلانے کی دھمکی

ممبئی (عکس آن لائن) بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کی فلم پٹھان گانے بے شرم رنگ کی وجہ سے تنازعات کا شکار ہے اور اب اس تنازع نے مزید شدت اختیار کر لی ہے اور ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے سپر اسٹار کو زندہ جلانے کی دھمکیاں بھی دی جانے لگی ہیں۔فلم پٹھان کے گانے بیشرم رنگ میں اداکارہ دیپیکا پڈکون کے زعفرانی رنگ کے غیر مناسب لباس پر تنازع سامنے آیا جس کے بعد بھارتی ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے اسے ہندو مذہب کی بے حرمتی قرار دیکر فلم پر پابندی کا مطالبہ کیا جانے لگا۔تاہم اب بات فلم پر پابندی کے مطالبے سے آگے بڑھتے ہوئے شاہ رخ خان کو جان سے مانے کی دھمکیوں پر اتر آئی ہے اور ہندو انتہا پسند پنڈت پرمہنس آچاریہ کی جانب سے بالی وڈ سپر اسٹار کو زندہ جلانے کی دھمکی دی گئی ہے جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں ہندو انتہا پسند پنڈت کو بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران فلم پٹھان کے معاملے پر شاہ رخ خان کو دھمکیاں دیتے سنا جا سکتا ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ آج ہم نے شاہ رخ خان کا پوسٹر جلایا ہے اور وہ تلاش میں ہیں کہ اگر انہیں کہیں جہادی شاہ رخ خان مل جائے تو وہ اسے زندہ جلا دیں گے۔پنڈت پرمہنس آچاریہ نے کہا کہ اگر کسی اور نے بھی شاہ رخ خان کو زندہ جلانے کا قدم اٹھایا تو اس کا مقدمہ بھی وہ خود لڑیں گے، انٹرویو کے آخر میں پنڈت نے پٹھان جیسی بننے والی فلم کے بائیکاوٹ کی اپیل بھی کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں