وزیر اعظم عمران خان

وینٹی لیٹر کی تیاری پاکستان کے لئے ایک اہم کامیابی ہے، وزیراعظم

اسلام آباد(عکس آن لائن ) وزیر اعظم عمران خان نے این آر ٹی سی کی جانب سے وینٹی لیٹر کی تیاری کو سراہتے

ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کے لئے ایک اہم کامیابی ہے، حکومت نوجوانوں کی صلاحیتوں کوبروئے کارلانے کیلئے ہر

اقدام کی حمایت کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے این آر ٹی سی ہری پور کا دورہ کیا ، وفاقی

وزرافواد چوہدری،عمرایوب،فوکل پرسن فیصل سلطان اور چئیرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل بھی

وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم نے مقامی سطح پر تیار کیے جانے والے وینٹی لیٹرز پروڈکشن یونٹ کا دورہ کیا،

جہاں پاکستانی انجینئرز کے تیار کردہ وینٹی لیٹرز سے متعلق بریفنگ دی ، وزیراعظم نے پاکستانی وینٹی لیٹرز کے 15

یونٹس این ڈی ایم اے کے حوالے کیے۔ اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے این آر ٹی سی کی جانب سے وینٹی لیٹر

کی تیاری کو سراہتے ہوئے کہا یہ پاکستان کے لئے ایک اہم کامیابی ہے، پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،

ہمارے پاس صلاحیت کی کمی نہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ نئی تکنیکی جدت کے ذریعے خود انحصاری کی طرف

جانا ہو گا، حکومت نوجوانوں کی صلاحیتوں کوبروئے کارلانے کیلئے ہر اقدام کی حمایت کرے گی، اب ہماری توجہ

صحت کی جامع اصلاحات پر رہے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وبائی بیماری کے دوران اسمارٹ لاک ڈاون پالیسی

کووسیع پیمانے پر تسلیم کیا گیا۔ خیال رہے پاکستان میں جدید طرز کے مقامی وینٹی لیٹرز کی تیاری میں وزارت سائنس

اینڈ ٹیکنالوجی اور این آر ٹی سی نے زبردست کارنامہ انجام دیا اور پہلی بار ” میڈ ان پاکستان” وینٹی لیٹرز تیار کئے۔

این آر ٹی سی پاکستان کا پہلا اداراہ ہے جو مقامی سطح پر وینٹی لیٹرز بنا رہا ہے، یہ وینٹی لیٹرز آسانی سے ایک جگہ

سے دوسری جگہ منتقل کیے جا سکتے ہیں اور انھیں سیف ایونٹ ایس پی 100 (Safevent SP 100) کا نام دیا گیا ہے،

اس پیداواری یونٹ میں ہر ماہ ڈھائی سو سے 300 تک وینٹی لیٹرز تیار کرنے کی صلاحیت ہے۔ وینٹی لیٹرز کی تیاری

سے متعلق این آر ٹی سی حکام نے بریفنگ میں کہا تھا کہ جنوری میں وزارت دفاعی پیداوار نے وینٹی لیٹرزکی تیاری

کاٹاسک دیا، ترک کمپنی کے ڈیزائن پر وینٹی لیٹرز تیار کررہے ہیں، اب تک 12 وینٹی لیٹرز تیار کیے جاچکے ہیں ،

ایک ہفتے میں 75سے 180وینٹی لیٹرز تیار کرسکتے ہیں۔ این آر ٹی سی حکام کا کہنا تھا کہ پاکستان میں وینٹی لیٹرز

کی تیاری عالمی معیار کے مطابق ہے، انجینئرنگ کونسل نے وینٹی لیٹر کوعالمی معیار کےمطابق قراردیاہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں