چوہدری محمد سرور

ووٹ صرف ایک پرچی نہیں ،اس سے ملک کے مستقبل کا فیصلہ ہونا ہے ‘ چوہدری سرور

لاہور(عکس آن لائن)سابق گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ عوام آئندہ عام انتخابات میں سوچ سمجھ کر ووٹ کاحق استعمال کریں ، ووٹ صرف ایک پرچی نہیں بلکہ اس سے ملک کے مستقبل کا فیصلہ ہونا ہوتا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان مسلم لیگ کے حلقہ پی پی 136سے امیدوار جاوید اقبال گورائیہ کی انتخابی مہم سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر لاہور کے صدر میاں وحید، جنرل سیکرٹری محمد ندیم پہلوان، میاں عرفان اور دیگر بھی موجود تھے ۔پاکستان مسلم لیگ کے رہنمائوں کا حلقے میں آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔

چوہدری محمد سرور نے کہا کہ جاوید اقبال گورائیہ نے ہمیشہ عوام کے مسائل کے حل کی سیاست کی ہے ۔ میرا دعویٰ ہے کہ وہ یہاں سے منتخب ہو کر آپ کی آواز موثر طریقے سے پنجاب اسمبلی کے ایوانوں میں پہنچائیں گے۔محمد ندیم پہلوان نے کہا کہ عوام کا جوش و خروش بتا رہا ہے کہ جاوید اقبال گورائیہ کی کامیابی یقینی ہے ، 8فروری کو آپ نے گھروںسے نکل کر ٹریکٹر پر مہر لگانی ہے اور جاوید اقبال گورائیہ کو کامیاب کرانا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عوام کسی طرح کے پراپیگنڈے سے مرعوب نہ ہوں اور اپنی سوچ کے مطابق اپنے مسائل کے حل کے لئے درست نمائندے کاچنائو کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں