فیصل جاوید

وقت آگیا ہے کہ ہم موجودہ پارلیمانی نظام کی خامیوں پر سنجیدگی سے غور کریں،سینیٹر فیصل جاوید

لاہور (نمائندہ عکس ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ ہم موجودہ پارلیمانی نظام کی خامیوں پر سنجیدگی سے غور کریں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ کیا وزیراعظم یا وزیر اعلی کے انتخاب میں عوام کے مینڈیٹ کی براہ راست ترجمانی ہوتی ہے؟

انہوں نے کہا کہ پیسے کے لین دین، ضمیر فروشی، اپنے مفادات کے لیے عوامی ووٹ کی حق تلفی کرنا اس بلواسطہ انتخاب میں شفافیت پر داغ ہیں، جس کو عوام نے ووٹ دیکر اسمبلی میں اکثریت دی وہ ہی حقدار ہے۔ فیصل جاوید نے کہا کہ چیف ایگزیکٹو کے بلواسطہ انتخاب کا نظام انتہائی غیر جمہوری ہے، ضمیر فروشی اور لین دین سے عوام کے مینڈیٹ کی نفی کی جاتی ہے، ایسے نظام کو بدلنا ناگزیر ہے۔

انکا کہنا ہے کہ چیف ایگزیکٹو کا انتخاب عوام کے ڈائریکٹ ووٹ سے ہونا چاہیے، ہمیں پھر بھی نظام کی بہتری کے لیے گریٹ ڈبیٹ کی ضرورت ہے۔ پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ عوام کے ووٹ ڈائریکٹ چیف ایگزیکٹو کا انتخاب کریں کیونکہ عوامی نمائندے تو خریدے جا سکتے ہیں مگر یہ عظیم قوم غلام نہیں اور نہ بکنے والے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں