وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کرغزستان کے ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ، اہم امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (عکس آن لائن)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جمہوریہ کرغزستان کے وزیر خارجہ رسلان قازاک بائیف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوﺅں پر گفتگو کی گئی ، اس موقع پر شاہ محمد قریشی نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان، سیاسی، تجارتی، سرمایہ کاری، تعلیم و ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں،

شاہ محمود قریشی نے دونوں ممالک کے درمیان اعلی سطحی رابطوں، پارلیمانی تبادلوں اور ادارہ جاتی میکانزم کو مزید فعال بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے، دونوں ممالک کے مابین براہ راست فضائی رابطے اور عوام سے عوام کے رابطوں کا فروغ، انتہائی اہمیت کا حامل ہے، دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کی صورتحال، اقتصادی اور انسانی امداد کے ذریعے افغانستان کی حمایت جاری رکھنے کے لیے مشترکہ کوششیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا ،

ٹیلیفونک گفتگو کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے اقوام متحدہ، او آئی سی، ایس سی او اور ای سی او سمیت علاقائی اور عالمی فورمز پر دونوں برادر ممالک کے درمیان قریبی تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مشترکہ مفاد کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں