وزیر اعظم عمران خان

وزیر اعظم عمران خان کا قوم سے خطاب کرنے کا امکان ہے، خطاب عالمی مہنگائی کے پاکستان پر اثرات کے تناظر میں ہوگا

اسلام آباد (عکس آن لائن)وزیر اعظم عمران خان کا قوم سے خطاب کرنے کا امکان ہے، خطاب عالمی مہنگائی کے پاکستان پر اثرات کے تناظر میں ہوگا۔ ذرائع کے مطابق یوکرین روس کشیدگی کے تناظر میں پاکستان پر اثرات مرتب ہوسکتے ہیں، ایک ہفتے کے دوران تیل اور گندم کی قیمتوں میں 12 سے 15 فیصد اضافہ ہوچکا ہے۔ ذرائع کے مطابق عالمی انشورنس کمپنیوں نے شپنگ کمپنیوں پر وار سرچارج میں اضافہ کردیا ہے، یوکرین روس کشیدگی سے دنیا بھر میں مہنگائی کی نئی لہر آسکتی ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے خطاب کے معاملے پر معاشی ٹیم کا اہم اجلاس طلب کر لیا گیا۔ اجلاس (آج) اتوار کو بنی گالہ میں ہو گا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم معاشی ٹیم سے موجودہ صورتحال پر بریفنگ لیں گے، خطاب سے قبل معاشی ٹیم کے ہمراہ تمام صورتحال کا جائزہ لیں گے، معاشی ٹیم سے مشاورت کے بعد خطاب کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا، وزیراعظم آفس کی معاشی ٹیم کو اسلام آباد رہنے کی ہدایت کر دی گئی۔

یاد رہے گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا تھا، جس میں حالیہ دورہ روس اور پاک روس تعلقات پرہونے والی پیشرفت پر بھی گفتگو کی گئی، اجلاس میں ملک کی مجموعی اقتصادی صورتحال اور عالمی سطح پر اشیاء کی بڑھتی قیمتوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں 100ڈالر فی بیرل سے زائد ہوگئی ہیں، گیس کی قیمت میں بھی 3 سے 5 گنا اضافہ ہوا ہے۔وزیراعظم عمرا ن خان نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک عالمی سطح پر بڑھتی مہنگائی سے زیادہ متاثر ہورہے ہیں، عالمی سطح پر بڑھتی قیمتوں کے اثرات کو روکنا اولین ترجیح ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں