وزیراعلی سندھ

وزیراعلی سندھ کی یومیہ ایک لاکھ ویکسین لگانے کی ہدایت

کراچی(عکس آن لائن)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمہ صحت کو روزانہ ایک لاکھ کرونا ویکسین لگانے کی ہدایت کر دی۔پیر کو وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت کرونا وائرس ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا،اجلاس میں صوبائی وزرائ، ڈاکٹر عذرا پیچوہو، سعید غنی، ناصر شاہ، جام اکرام، مرتضی وہاب، قاسم سراج سومرو، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل آئی جی کراچی، پرنسپل سیکرٹری، سیکرٹری فنانس، سیکرٹری صحت، کمشنر کراچی، ڈاکٹر باری، ڈاکٹر فیصل، ڈاکٹر قیصر سجاد اور دیگر شریک ہوئے۔

اجلاس میں وزیراعلی نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ ایکسپو سینٹر میں ہال لیکر وہاں 50ہزار ویکسی نیشن کی گنجائش بنائی جائے۔وزیراعلی سندھ کو بریفنگ دی گئی کہ کوویڈ کی پہلی لہر میں 11 جون 2020 کو سب سے زائد 3038 کیسز تھے، دوسری لہر میں 10 دسمبر 2020 کو سب سے زائد 1983 کیسز جبکہ 29 اپریل 2021 کو کوویڈ کی تیسری لہر میں سب سے زیادہ 1064 کیسز رپورٹ ہوئے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ عید تعطیلات پر بھی ویکسی نیشن سینٹرز کھلے رہیں گے جبکہ برآمد پر مبنی صنعتی یونٹس عید کی چھٹیوں میں بھی کام کرتے رہیں گے۔

لاک ڈائون پر عمل کے حوالے سے دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ 9 مئی کو تقریبا لاک ڈائون تھا، برآمدات پرمبنی صنعتی یونٹس عید کی چھٹیوں میں بھی کام کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز کوویڈ کی وجہ سے 16 اموات ہوئی، اگر 3 سے 9 مئی کی کوویڈ کیسز کا ڈیٹا دیکھا جائے تو کراچی میں 9.48 فیصد کیسز آ رہے ہیں۔ حیدرآباد میں 11.81 فیصد اور سکھر میں 5.92 فیصد ہے۔ صوبے کے دیگر اضلاع میں 3.92 فیصد ہے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ کراچی شرقی میں 23 فیصد، کراچی جنوبی میں15 فیصد اور کراچی وسطی میں 11 فیصد کیسز ہیں۔

وزیراعلی سندھ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گھروں پر رہیں۔انہوں نے کہاکہ تاجروں اورعوام کا شکرگزارہوں کہ وہ اس صورت حال میں تعاون کررہے ہیں، یہ مشکل فیصلہ تھا لیکن ہم نے عوام کے تحفظ کی خاطر کیا۔وزیر اعلی نے محکمہ صحت کوہدایت کی کہ ایک لاکھ ویکسین روزانہ لگائی جائیں، ایکسپو سینٹرمیں یومیہ 50ہزار ویکسی نیشن کی گنجائش بنائی جائے۔سیکریٹری صحت کاظم جتوئی کے مطابق 649 وینٹی لیٹرز میں سے 53 پر کوویڈ کے مریض منتقل ہیں اور 180 خالی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں