قیمتوں کا نوٹس

وزیراعظم نے موٹر وے ریسٹ ایریاز میں اشیا کی زائد قیمتوں کا نوٹس لے لیا

اسلام آباد(عکس آن لائن ) وزیراعظم عمران خان نے موٹر وے ریسٹ ایریاز میں اشیا کی زائد قیمتوں کی شکایات کا نوٹس لے لیا،شہریوں کی جانب سے سٹیزن پورٹل پر شکایات کی گئی تھیں کہ موٹر وے ریسٹ ایریاز میں اشیا کی زائد قیمتیں وصول کی جارہی ہیں۔

وزیراعظم ہاوس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے سٹیزن پورٹل پر شہریوں کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے وزارت مواصلات، این ایچ اے اور آئی جی موٹر وے کو حکم دیا ہے کہ ریسٹ ایریاز میں ٹک شاپس پر اشیا کی زائد قیمتوں میں وصولی پر سخت ایکشن لیا جائے۔

عمران خان نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ موٹر وے ریسٹ ایریاز میں اشیا کی قیمتوں کا جائرہ لینے کے لیے چھاپہ مار ٹیمیں تعینات کی جائیں گی جو دن اور رات کے مختلف اوقات میں ٹک شاپس پر اچانک چھاپے ماریں۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ضرورت پڑنے پر ضلعی انتظامیہ کی مدد بھی لی جائے اور سٹیزن پورٹل پر عوامی شکایات کے اندراج کی آگاہی کے لیے بینرز بھی آویزاں کیے جائیں۔

اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کے نوٹس کے بعد ابتدائی رپورٹ 21 روز میں تیار کی جائے جس میں وزیراعظم کو قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے ایکشن لینے سے پہلے اور بعد کی صورت حال سے آگاہ کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں