اسلام آباد(عکس آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دے دی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے سرکاری ملازمین سے مذاکرات کرنے والی حکومتی کمیٹی نے ملاقات کی جس میں وزیر داخلہ شیخ رشید، وزیر دفاع پرویز خٹک اور وفاقی وزیر علی محمد خان شامل تھے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور حکومتی مذاکراتی ٹیم کی ملاقات میں وزارت خزانہ کے حکام نے بریفنگ دی اور تنخواہوں میں اضافے سے قومی خزانے پر پڑنے والے بوجھ سے تفصیلی آگاہ کیا گیا جبکہ اس دوران سرکاری ملازمین سے طے ہونے والے فارمولے پر بھی بریفنگ دی گئی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وزارت خزانہ کے حکام اور مذاکراتی کمیٹی کی بریفنگ کے بعد سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دی تاہم یہ منظوری کابینہ سے بھی لی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق تنخواہوں میں اضافے کی منظوری کابینہ سے سرکولیشن سمری کے ذریعے لی جائے گی جس کے بعد تنخواہوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں سرکاری ملازمین نے تنخواہوں میں اضافے کے لیے احتجاج کیا،دن بھر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوتی رہیں، پولیس نے شیلنگ کی اور لاٹھیاں برسائیں، سڑکیں دھواں دھواں ہو گئیں، شیلنگ سے کئی افراد بے ہوش ہو گئے اور اس دوران مظاہرین پتھرا ئو کرتے رہے۔