مریم اورنگزیب

وزیراعظم نے خیبرپختونخوا کے عوام سے اپنا وعدہ پورا کردکھایا، مریم اورنگزیب

اسلام آ باد (نمائندہ عکس) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے خیبرپختونخوا کے عوام سے اپنا وعدہ پورا کردکھایا ہے، صوبے میں رکے ترقی کے عمل کو آگے بڑھائیں گے، خیبرپختونخوا میں 100 موبائل اسٹورز پر 40 روپے فی کلو آٹے کی فراہمی شروع کی جائیگی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے خیبرپختونخواہ صوبے کے لئے سستے آٹے کی فراہمی کے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے غیور عوام سے اپنا وعدہ پورا کر دکھایا ہے،خیبرپختونخوا کے بہادر عوام کی زندگیوں میں آسانی لانے اور 8 سال سے ان کے صوبے میں رکے ترقی کے عمل کو آگے بڑھائیں گے، انہوں نے بتایا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے احکامات پر خیبرپختونخوا میں 100 موبائل اسٹورز نے کام شروع کردیا ہے جہاں 40 روپے فی کلو آٹے کی فراہمی شروع کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ 17 جون تک خیبر پختونخوا میں ان عارضی سیل پوائنٹس کی تعداد بڑھا کر 500 کر دی جائے گی جبکہ سستے آٹے کی فروخت کے 993 مقامات کی مجموعی تعداد 2000 سے زائد کی جائے گی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کے بہادر عوام کی زندگیوں میں آسانی لانے اور 8 سال سے ان کے صوبے میں رکے ترقی کے عمل کو آگے بڑھائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو سستے آٹے کی فراہمی کے لئے صوبہ خیبر پختونخوا کو ایبٹ آباد اور پشاور زونز میں تقسیم کیا گیا ہے اور یہ سلسلہ بتدریج پورے خیبرپختونخوا میں پھیلایا جائے گا۔ ان کے مطابق اب تک ایبٹ آباد اور پشاور زون میں مضموعی طور پر 50 ہزار سے زیادہ آٹے کے تھیلے فروخت کئے گئے ہیں جبکہ زونز میں الگ الگ موبائل اسٹورز کے ذریعے سستا آٹا فراہم کیا جا رہا ہے۔ ایبٹ آباد میں دو روز کے دوران 22 ہزار 70 سستے آٹے کے تھیلے فروخت کئے گئے جبکہ پشاور زون میں دو روز میں 23 ہزار 400 سے زائد سستے آٹے کے تھیلے عوام کو فروخت کئے گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں